پاکستان

شارع فیصل پر گاڑیوں کی رفتار کی نئی حدیں نافذ

  • شارع فیصل پر کاروں اور موٹر سائیکلوں کے لیے حد رفتار 70 کلومیٹر فی گھنٹہ مقررجبکہ ہیوی ٹریفک کے لیے 30 کلو میٹر فی گھنٹہ ہی برقرار رکھی گئی ہے
شائع اپ ڈیٹ

کراچی ٹریفک پولیس نے شہر کی مصروف ترین شاہراہ شارع فیصل پر گاڑیوں کی رفتار کی حد میں اضافہ کر دیا ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک آفس سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئی حدِ رفتار کا مقصد ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانا اورعوامی تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق شارع فیصل پر کاروں اور موٹر سائیکلوں کے لیے حد رفتار 70 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے جبکہ ہیوی ٹریفک کے لیے حد رفتار 30 کلو میٹر فی گھنٹہ ہی برقرار رکھی گئی ہے۔سندھ پولیس نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ اس اقدام سے سڑکوں پر حفاظت کے معیار میں بہتری آئے گی اور حادثات میں کمی واقع ہوگی۔

پولیس نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ جرمانوں سے بچنے اور ٹریفک کے بہتر بہاؤ کے لیے نئی مقررہ حدود کی سختی سے پابندی کریں۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں شارع فیصل سمیت دیگر بڑی سڑکوں پر چھوٹی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے لیے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ بھاری ٹریفک کے لیے 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی حد مقرر کی گئی تھی۔

دوسری جانب سندھ ہائی کورٹ نے ای چالان سسٹم کے خلاف دائر درخواستوں پر متعلقہ حکام سے جواب طلب کر لیا ہے۔ عدالت میں سماعت کے دوران بتایا گیا کہ ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے علاوہ کسی بڑے سرکاری عہدیدار نے ابھی تک جواب جمع نہیں کرایا۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ای چالان سسٹم کے نفاذ سے ٹریفک حادثات میں 40 فیصد کمی آئی ہے، تاہم 2023 میں جرمانوں کی شرح میں گزشتہ برسوں کے مقابلے میں ایک ہزار سے پانچ ہزار فیصد تک کا نمایاں اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا ہے۔