صدر آصف علی زرداری آج 7 روزہ دورے پر چین روانہ ہوں گے
- صدرِ مملکت 25 سے 27 اپریل تک صوبہ ہونان کے شہر چانگشا، 28 اپریل سے یکم مئی تک صوبہ ہینان کے شہر سانیا کا دورہ کریں گے، دفتر خارجہ
صدر مملکت آصف علی زرداری آج سات روزہ سرکاری دورے پر چین روانہ ہوں گے۔
دفترِ خارجہ کے مطابق صدرِ مملکت 25 سے 27 اپریل تک صوبہ ہونان کے شہر چانگشا اور 28 اپریل سے یکم مئی تک صوبہ ہینان کے شہر سانیا کا دورہ کریں گے۔
وہ صوبائی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جن میں پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ اس دوران اقتصادی و تجارتی تعاون اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) پر بھی توجہ دی جائے گی۔
دفترِ خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ سطح تبادلوں کی دیرینہ روایت کا حصہ ہے اور دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے تناظر میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے جو اس سال منائی جا رہی ہے۔
یہ دورہ دونوں ممالک کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ ہر موسم کی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنائیں گے۔