بنوں میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، لیفٹیننٹ کرنل پر حملے کا ماسٹر مائنڈ ہلاک
- ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کا عزم برقرار ہے، آئی ایس پی آر
بنوں میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 2 دہشتگرد ہلاک کردیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بنوں میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں دہشت گرد سرغنہ وحید اللہ عرف مختیار اور ایک خودکش بمبار بھی شامل ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خارجی سرغنہ وحید اللہ، سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور معصوم شہریوں کی شہادت سمیت متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں سرگرم ملوث ہونے کی بنا پر انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست میں شامل تھا۔ وہ 21 فروری کو ضلع بنوں میں ہونے والے اس خودکش حملے کا مرکزی ہینڈلر بھی تھا جس کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل گل فراز شہید ہوئے تھے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ اس آپریشن نے واقعی اس گھناؤنے فعل کا بدلہ لے لیا ہے اور مرکزی مجرم کو انجام تک پہنچا دیا ہے۔
ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے ایک بڑے سانحے کو ناکام بنا دیا گیا جبکہ علاقے میں کلیئرنس (سینیٹائزیشن) آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ عزمِ استحکام کے تحت ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کا عزم برقرار ہے۔