ڈیزل 32 روپے 12 پیسے سستا، پٹرول کی قیمت برقرار
- برینٹ خام تیل کی قیمت پانچ ہفتوں سے زائد عرصے میں پہلی بار 90 ڈالر فی بیرل سے نیچے آگئی
وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیزل کی قیمت میں 32.12 روپے فی لٹر کمی کا اعلان کردیا جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 385.54 روپے سے کم ہو کر 353.43 روپے ہوگئی، اس اقدام کا مقصد عوام کو معاشی ریلیف فراہم کرنا ہے۔
ترکیہ سے جاری ایک بیان میں جہاں وہ سرکاری دورے پر موجود ہیں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ جلد از جلد عوام تک پہنچے، انہوں نے معاشی ریلیف کی فراہمی کے حکومتی عزم پر بھی زور دیا۔
ڈیزل کی قیمت میں کمی کے باوجود وزیراعظم نے پٹرول یا ایل این جی کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں کیا۔
وزیراعظم کا یہ اعلان ایسے وقت سامنے آیا جب ایران کی جانب سے جنگ بندی کے باقی ماندہ عرصے کے لیے آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھولنے کے اعلان کے بعد عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔
برینٹ خام تیل کی قیمت پانچ ہفتوں سے زائد عرصے میں پہلی بار 90 ڈالر فی بیرل سے نیچے آگئی جو جمعہ کو ہی 98 ڈالر سے گر کر 88 ڈالر پر پہنچ گئی۔
آبنائے ہرمز خلیج کو بحیرہ عرب سے ملانے والا ایک تنگ آبی راستہ ہے، جہاں سے عام طور پر دنیا کی تیل اور ایل این جی کی برآمدات کا تقریباً پانچواں حصہ گزرتا ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2026