کاروبار اور معیشت

اسٹیٹ بینک نے پرزم پلس کے جامع نظرِ ثانی شدہ آپریٹنگ قواعد جاری کردیے

  • اقدام کا مقصد مالیاتی مارکیٹ کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مستحکم اور اسے عالمی سطح کے بہترین طریقوں کے مطابق بنانا ہے
شائع اپ ڈیٹ

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے پاکستان رئیل ٹائم انٹر بینک سیٹلمنٹ میکانزم پلس (پرزم پلس) کے لیے جامع طور پر نظرِ ثانی شدہ آپریٹنگ قواعد جاری کردیے جن کا مقصد ملک کے مالیاتی مارکیٹ کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مستحکم کرنا اور اسے عالمی سطح کے بہترین طریقوں کے مطابق بنانا ہے۔

یہ قواعد پرزم پلس کے لیے آپریٹنگ فریم ورک تشکیل دیتے ہیں جن میں اس نظام میں شرکت، پیغام رسانی (میسجنگ) اور فنڈز و سرکاری سیکیورٹیز کی سیٹلمنٹ (تصفیہ) کے عمل کا احاطہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ان قواعد میں لیکویڈٹی اور رسک مینجمنٹ کنٹرول، کاروباری دن کے انتظامات، ہنگامی صورتحال کے ضوابط اور رپورٹنگ کے امور بھی شامل ہیں۔

گزشتہ سال جون میں اسٹیٹ بینک نے اپنا نیا رئیل ٹائم گراس سیٹلمنٹ سسٹم پرزم پلس کے نام سے لانچ کیا تھا جو فنڈز سیٹلمنٹ سسٹم کے ساتھ سینٹرل سیکیورٹیز ڈپازٹری (سی ایس ڈی) ماڈیول کے انضمام کے ذریعے جدید خصوصیات اور وسیع تر آپریشنل دائرہ کار فراہم کرتا ہے۔

اب اسٹیٹ بینک نے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے بعد سسٹم کی جدید خصوصیات اور تقاضوں کی عکاسی کرنے اور بین الاقوامی بہترین طریقوں کے ساتھ ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے لیے پرزم پلس کے جامع طور پر نظرِ ثانی شدہ آپریٹنگ قواعد جاری کر دیے ہیں۔

یہ قواعد پرزم پلس کے آپریشنز بشمول شمولیت کے معیار، سی ایس ڈی آپریشنز، اکاؤنٹ مینجمنٹ، سیٹلمنٹ اینڈ فائنالٹی ، کارکردگی و تاثیر اور آپریشنل تسلسل وغیرہ کے حوالے سے ایک جامع فریم ورک فراہم کرتے ہیں۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق یہ قواعد فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے اور 2018 کے پی ایس ڈی سرکولر نمبر 02 کے تحت پہلے سے جاری کردہ پرزم آپریٹنگ قواعد کی جگہ لیں گے اور ان کا اطلاق پرزم پلس کے تمام موجودہ اور مستقبل کے شرکاء پر ہوگا۔

یہ قواعد حکومتِ پاکستان کی مارکیٹیبل سیکیورٹیز کے اجرا، نیلامی، تجارت، کسٹڈی اور تصفیہ کے ساتھ پرزم پلس کے ذریعے کی جانے والی متعلقہ لیکویڈیٹی کارروائیوں کو منظم کرتے ہیں۔

علاوہ ازیں یہ قواعد اسٹیٹ بینک کی جانب سے وقتاً فوقتاً جاری کردہ آپریشنل ضوابط کو یکجا کرتے ہیں اور طریقہ کار میں کی جانے والی بہتریوں کی عکاسی کرتے ہیں۔

ان قواعد کا اطلاق شیڈولڈ بینکوں، پرائمری ڈیلرز ، پریلیمنری پرائمری ڈیلرز ، اسپیشل پرپز پرائمری ڈیلرز اور ڈیولپمنٹ فنانس انسٹی ٹیوشنز پر ہوگا۔ مزید برآں یہ اسلامی بینکوں، اسلامی بینکنگ برانچز اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے سرکاری سیکیورٹیز کی نیلامی، سیکنڈری مارکیٹ ٹریڈنگ یا لیکویڈیٹی آپریشنز میں شرکت کے لیے مجاز کسی بھی دوسرے ادارے پر بھی نافذ ہوں گے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2026