ٹیکنالوجی

علی بابا کی کوکو ٹیک پاکستان کو لائسنس جاری

  • ایس ای سی پی کی جانب سے منگل کو علی بابا ہولڈنگز کی کوکو کو لائسنس جاری کیا گیا
شائع April 14, 2026 اپ ڈیٹ April 14, 2026 04:53pm

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے منگل کو علی بابا ہولڈنگز کی کمپنی کوکو ٹیک پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ(کے ٹی پی ایل) کو پاکستان میں ”اب خریدیں، بعد میں ادائیگی کریں ” کا کاروبار کرنے کے لیے لائسنس جاری کر دیا۔

ایک پریس ریلیز کے مطابق کوکو ٹیک (کے ٹی پی ایل) اپنے جدید ترین مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی کریڈٹ اسیسمنٹ سسٹم اور عالمی سطح پر آزمودہ ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر کے ذریعے بی این پی ایل کے شعبے میں جدید اور ڈیٹا پر مبنی قرضہ جات کے حل متعارف کرائے گی۔

اس اقدام سے صارفین کے لیے مالیاتی سہولیات تک رسائی میں بہتری آئے گی، بالخصوص نوجوان صارفین، فری لانسرز اور چھوٹے کاروباروں کے لیے جو روایتی بینکنگ کے نظام سے محروم ہیں۔

علی بابا کی عالمی مہارت اور مالی طاقت کے تعاون سے کوکو ٹیک چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کی مدد کرنے، ای کامرس کی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور ٹیکنالوجی پر مبنی ایک جامع مالیاتی نظام کی طرف منتقلی کو تیز کرنے کے لیے مضبوط پوزیشن میں ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ پیش رفت پاکستان کے مالیاتی شعبے میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی آمد کی عکاسی کرے گی۔

اس موقع پر ایس ای سی پی کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا کہ علی بابا گروپ کی آمد سے مقابلے کی فضا پیدا ہوگی اور جدت کو فروغ ملے گا۔ پاکستان اپنی بڑی آبادی، بڑھتے ہوئے ڈیجیٹل رجحان اور بہتر ہوتے ہوئے ریگولیٹری فریم ورک کی بدولت بین الاقوامی سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش ملک ہے۔