کاروبار اور معیشت

مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا رجحان مستحکم

  • بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 165,517.51 پوائنٹس پر بند
شائع اپ ڈیٹ

تاریخی خریداری کے ایک روز بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کے تجارتی سیشن کے دوران اتار چڑھاؤ دیکھا گیا، جبکہ بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس تقریباً 300 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ بند ہوا۔

کاروبار دن کے بیشتر حصے میں کے ایس ای 100 انڈیکس محدود رینج میں تجارت کرتا رہا، جو انٹرا ڈے کے دوران بلند ترین سطح 166,962.17 پوائنٹس تک پہنچا جبکہ ایک موقع پر کم ترین سطح 161,993.00 پوائنٹس تک گر گیا تھا۔

کاروبار کے اختتام پر بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 165,517.51 پوائنٹس پر بند ہوا، جو 293.50 پوائنٹس یا 0.18 فیصد کی کمی ظاہر کرتا ہے۔

بروکریج ہاؤس ٹاپ لائن سیکیورٹیز نے اپنی پوسٹ مارکیٹ رپورٹ میں کہا ہے کہ ”انڈیکس پر منفی دباؤ بنیادی طور پر انڈیکس ہیوی اسٹاکس کی وجہ سے پڑا، جن میں بی اے ایچ ایل، ماڑی، ہبکو، ایف ایف سی اور ایم سی بی کلیدی پسماندگی کے طور پر ابھرے، جس سے مجموعی طور پر بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 809 پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی۔“

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اس کے برعکس، یو بی ایل، لک اور ایف سی سی ایل میں خریداری کی منتخب دلچسپی نے جزوی سہارا فراہم کیا، جس کی بدولت کے ایس ای 100 انڈیکس میں مجموعی طور پر 568 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، اور انڈیکس کو اس کے انٹرا ڈے نقصانات کے ایک حصے کے ازالے میں مدد فراہم کی۔ بدھ کے روز کے ایس ای 100 انڈیکس غیر معمولی طور پر 14,137.55 پوائنٹس یا 9.32 فیصد اضافے کے ساتھ 165,811.01 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

بین الاقوامی سطح پر جمعرات کو ایشیائی اسٹاک مارکیٹوں میں محتاط رویہ دیکھا گیا کیونکہ خلیج میں ہونے والی عارضی جنگ بندی میں دراڑیں پڑنا شروع ہوگئی ہیں جس کی وجہ سے تیل کی قیمتیں دوبارہ اوپر چلی گئیں اور سرمایہ کاروں کو ایک بار پھر یہ احساس ہوا کہ مہنگائی کے اثرات ابھی طویل عرصے تک برقرار رہیں گے۔

اس کے نتیجے میں امریکی خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمتوں میں 2.8 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 96.99 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئیں جبکہ برینٹ خام تیل کی قیمت 2.1 فیصد اضافے کے ساتھ 96.74 ڈالر رہی۔

جاپان کا نکی انڈیکس گزشتہ سیشن میں 5.4 فیصد کے زبردست اضافے کے بعد کسی واضح سمت کے بغیر ایک ہی سطح پر منجمد رہا۔ جنوبی کوریا کی مارکیٹ میں 6.8 فیصد کی بڑی چھلانگ کے بعد آج 0.4 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی۔ علاوہ ازیں ایم ایس سی آئی انڈیکس میں 0.3 فیصد کی کمی آئی۔

وال اسٹریٹ پر بدھ کو آنے والی تیزی ماند پڑنے کے بعد ایس اینڈ پی 500 فیوچرز اور نیسڈیک فیوچرز دونوں میں 0.2 فیصد کی کمی دیکھی گئی۔

یورپ کی ملی جلی صورتحال میں یورو اسٹوکس 50 فیوچرز میں 0.1 فیصد کا معمولی اضافہ ہوا، ڈیکس فیوچرز 0.3 فیصد گرگئے جبکہ فٹسی فیوچرز میں 0.5 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

دریں اثناء جمعرات کو انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 0.01 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ کاروبار کے اختتام پر مقامی کرنسی 279.02 پر بند ہوئی، جو کہ ڈالر کے مقابلے میں تین پیسے کا اضافہ ہے۔

آل شیئر انڈیکس کا حجم گزشتہ بندش میں 1,245.18 ملین سے کم ہو کر 888.57 ملین ہو گیا۔

حصص کی مالیت گزشتہ سیشن میں 54.40 ارب روپے سے کم ہو کر 54.28 ارب روپے رہ گئی۔

ورلڈ کال ٹیلی کام 105.84 ملین شیئرز کے ساتھ مجموعی سودوں کے حجم میں سرفہرست رہی، اس کے بعد ایف نیٹ ایکویٹیز 81.61 ملین شیئرز کے ساتھ دوسرے اور کے الیکٹرک لمیٹڈ 63.97 ملین شیئرز کے ساتھ۔ تیسرے نمبر پر رہی۔

جمعرات کو مجموعی طور پر 489 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 162 کمپنیون کے شیئرز میں اضافہ، 290 کے حصص میں کمی اور 37 کے شیئرز میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔