ٹم ڈیوڈ کا طوفان، بنگلورو کی چنئی کے خلاف مسلسل دوسری فتح
- 30 سالہ آسٹریلوی کھلاڑی کی 25 گیندوں پر 70 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز، 8 چھکوں کی مدد سے بنگلورو نے چنئی سپر کنگز کو 43 رنز سے ہرا کر مسلسل دوسری جیت حاصل کر لی
دفاعی چیمپئن رائل چیلنجرز بنگلورو کے مایہ ناز بلے باز ٹم ڈیوڈ نے اپنی پاور ہٹنگ سے ثابت کر دیا کہ فرنچائز نے 2026 کے سیزن کے لیے ان پر بھروسہ کیوں کیا۔ اتوار کو چنئی سپر کنگز کے خلاف کھیلتے ہوئے 30 سالہ آسٹریلوی کھلاڑی نے محض 25 گیندوں پر 70 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس میں 8 فلک بوس چھکے شامل تھے۔ ان کا ایک 106 میٹر طویل چھکا ایم چناسوامی اسٹیڈیم کی چھت پر جا گرا۔
بنگلورو نے مقررہ اوورز میں پہاڑ جیسا اسکور بنایا، جس کے تعاقب میں چنئی کی ٹیم 207 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور اسے 43 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹم ڈیوڈ کے ساتھ ساتھ رجت پاٹیدار نے بھی 19 گیندوں پر 48 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
اس جیت کے ساتھ بنگلورو پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر پہنچ گئی ہے، جبکہ پانچ بار کی چیمپئن چنئی سپر کنگز کو مسلسل تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد وہ ٹیبل میں سب سے نیچے چلی گئی۔ اسٹیفن فلیمنگ کے مطابق آخری اوورز میں بنگلورو کی راکٹ جیسی رفتار نے میچ ان سے چھین لیا۔