دس دن میں خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارشیں، 30 افراد جاں بحق اور 85 زخمی، پی ڈی ایم اے
- بارشوں کے باعث صوبے بھر میں 140 مکانات کو نقصان پہنچا
خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارشوں سے متعلقہ حادثات میں کم از کم 30 افراد جاں بحق جبکہ 85 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں، جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے) کے مطابق 25 مارچ سے جاری بارشوں اور طوفانی ہواؤں کے دوران مجموعی طور پر 30 اموات رپورٹ ہوئیں جن میں 20 بچے، 5 مرد اور 5 خواتین شامل ہیں۔ اسی عرصے میں تقریباً 60 افراد زخمی ہوئے جن میں بڑی تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بارشوں کے باعث صوبے بھر میں 140 مکانات کو نقصان پہنچا جن میں 115 جزوی طور پر جبکہ 25 مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ متاثرہ اضلاع میں بنوں، ایبٹ آباد، کوہاٹ، پشاور، نوشہرہ، باجوڑ، لکی مروت، کرم، ہنگو، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، دیر اپر، بٹگرام، جنوبی وزیرستان اور ٹانک شامل ہیں۔
ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق ہیلپ لائن 1700 فعال ہے اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت دی گئی ہے۔
لنڈی کوتل میں بھی بارشوں کے باعث ایک گاڑی بہہ جانے سے دو افراد جاں بحق ہوئے جبکہ ایک کی تلاش جاری ہے۔ اسی علاقے میں مکان کی چھت گرنے سے ایک بچہ جان کی بازی ہار گیا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے اور ریسکیو و امدادی کارروائیوں میں تیزی لانے کا حکم دیا ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026