پاکستان

سیکیورٹی خدشات، امریکی سفارت خانے کی ویزا اور قونصلر خدمات معطل

  • امریکی شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ مقامی خبروں پر نظر رکھیں اور ذاتی حفاظت کے بہتر طریقوں پر عمل کریں، سفارت خانہ
شائع March 2, 2026 اپ ڈیٹ March 2, 2026 12:38pm

اسلام آباد میں واقع امریکی سفارت خانے نے مختلف شہروں میں قونصل خانوں کے باہر جاری مظاہروں کے پیشِ نظر سیکیورٹی الرٹ جاری کردیا جب کہ پیر (آج) کے لئے امریکی ویزا اور امریکی شہریوں کیلئے فراہم کی جانے والی سروسز کی اپائنٹمنٹس بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔

ایک سرکاری بیان میں سفارت خانے نے تصدیق کی کہ وہ لاہور اور کراچی میں امریکی قونصل خانوں کے باہر جاری مظاہروں کی رپورٹس کی نگرانی کررہا ہے اور ساتھ ہی اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے اور پشاور میں امریکی قونصل خانے کے قریب مزید اجتماعات کی کالز (مطالبات) پر بھی نظر رکھے ہوئے ہے۔

سفارت خانے نے بیان دیا ہے کہ ہم پاکستان میں موجود امریکی شہریوں کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ مقامی خبروں پر نظر رکھیں، ذاتی حفاظت کے بہتر طریقوں پر عمل کریں جس میں اپنے گرد و نواح سے باخبر رہنا، بڑے ہجوم سے بچنا اور اس بات کو یقینی بنانا شامل ہے کہ آپ کی اسٹیپ (اسمارٹ ٹریولر انرولمنٹ پروگرام) رجسٹریشن اپ ٹو ڈیٹ (جدید ترین) ہے۔

کراچی اور لاہور میں امریکی قونصل خانوں اور اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کے گرد احتجاجی سرگرمیوں کے باعث، سفارت خانے نے بیان جاری کیا ہے کہ 2 مارچ کے لیے امریکی ویزا اور امریکی شہریوں کیلئے فراہم کی جانے والی تمام سروسز کی اپائنٹمنٹس منسوخ کردی گئی ہیں۔

یہ ایڈوائزری اس وقت جاری کی گئی جب سفارتی علاقوں اور قونصل خانوں کے گرد سیکیورٹی انتہائی سخت ہے تاکہ روزمرہ کے معمولات میں کسی بھی ممکنہ خلل یا عملے کے لیے خطرات کو روکا جا سکے۔

یہ پیشرفت اتوار کو کراچی میں امریکی قونصل خانے کے باہر مظاہرین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے درمیان ہونے والے پرتشدد تصادم کے بعد سامنے آئی جس میں کم از کم 9 افراد جاں بحق اور 12 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ یہ تصادم ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کے چند گھنٹے بعد شروع ہوا۔

ریسکیو 1122 سندھ کے مطابق یہ تصادم اس وقت شروع ہوا جب مظاہرین نے قونصل خانے کی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی جس کے جواب میں سیکیورٹی فورسز کو کارروائی کرنی پڑی۔

ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن نے اتوار کی علی الصبح خامنہ ای کی شہادت کی تصدیق کردی۔ دوسری جانب ایک اعلیٰ اسرائیلی اہلکار نے رائٹرز کو بتایا کہ ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے فضائی حملوں کے بعد ان کی میت مل گئی ہے۔

دریں اثنا وزیرِداخلہ محسن نقوی نے اتوار کو کہا کہ پُرامن احتجاج ہر کسی کا حق ہے لیکن احتجاج کی آڑ میں توڑ پھوڑ کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی۔

محسن نقوی نے یہ بات اسلام آباد کے مختلف علاقوں کے دورے کے دوران امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ایک بیان میں کہی۔ ریڈ زون ڈپلومیٹک انکلیو اور دیگر اہم مقامات کے دورے کے دوران وزیرداخلہ نے سیکیورٹی انتظامات کا معائنہ کیا اور ڈپلومیٹک انکلیو کے اندر فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے ہدایات جاری کیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیکیورٹی انتظامات ہر لحاظ سے جامع اور مکمل ہونے چاہئیں اور مزید کہا کہ روزمرہ کے معمولاتِ زندگی میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔