دنیا

یوکرین میں روسی میزائل حملہ، اوریو فیکٹری کو نقصان

  • یہ فیکٹری 2022 میں جنگ کے آغاز کے بعد دوسری بار نقصان اٹھا رہی ہے
شائع اپ ڈیٹ

یوکرین کے مشرقی علاقے میں واقع اوریو کوکیز کی ایک فیکٹری کو ہفتہ کے روز روسی میزائل حملے سے نشانہ بنایا گیا، یوکرین کے وزیر خارجہ اندریئی سیبیہا نے ایک پوسٹ میں بتایا کہ یہ فیکٹری 2022 میں جنگ کے آغاز کے بعد دوسری بار نقصان اٹھا رہی ہے۔

وزیر خارجہ کے مطابق کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے، لیکن ایک پیداواری عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔ یہ سہولت ٹروسٹیانیٹس میں واقع ہے اور اس کا مالک سنیک کمپنی مونڈیلز انٹرنیشنل ہے۔

شکاگو میں قائم کمپنی، جو رٹس کریکرز، ٹوبلیرون چاکلیٹ اور ٹرائیڈنٹ گم بھی بناتی ہے، نے ہفتہ کی شام تک فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ کریملن نے بھی فوری ردعمل ظاہر نہیں کیا۔

سیبیہا نے لکھا کہ جب روسی میزائلز اس طرح کی سائٹس کو نشانہ بناتے ہیں تو وہ صرف یوکرین کو نہیں بلکہ یورپ میں امریکی کاروباری مفادات کو بھی ہدف بناتے ہیں۔

یہی فیکٹری 2022 میں روس کے یوکرین پر حملے کے دوران شدید نقصان اٹھا چکی تھی۔ فیکٹری جزوی طور پر 2023 میں چاکلیٹ بنانے کے لیے دوبارہ کھولی گئی اور 2024 میں اوریو کی پیداوار دوبارہ شروع ہوئی۔ مونڈیلز کو جنگ کے دوران روس میں کاروبار جاری رکھنے پر تنقید کا سامنا بھی رہا ہے۔