اسمتھ آسٹریلوی ٹی 20 اسکواڈ میں شامل، سری لنکا کے خلاف اہم مقابلے کے لیے تیار
- ہیزل ووڈ کی جگہ شان ایبٹ کو بطور کور طلب کیا گیا تھا، جو ٹورنامنٹ کے آغاز سے ٹھیک پہلے دستبردار ہو گئے تھے
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز اسٹیو اسمتھ کی ٹی 20 ورلڈ کپ اسکواڈ میں واپسی ہوگئی، انہیں فاسٹ باؤلر جوش ہیزل ووڈ کی دستبرداری کے بعد خالی ہونے والی جگہ پر شامل کیا گیا ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے منظوری کے بعد اسمتھ پیر کو سری لنکا کے خلاف ہونے والے لازمی جیت کے معرکے میں شرکت کے لیے دستیاب ہیں۔
اسمتھ کی شمولیت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب آسٹریلوی ٹیم انجری کے مسائل سے دوچار ہے۔ کپتان مچل مارش ٹریننگ کے دوران زخمی ہونے کے باعث پہلے ہی دو میچوں سے باہر ہیں اور سری لنکا کے خلاف میچ میں بھی ان کی شرکت مشکوک ہے۔ سلیکٹرز کا ماننا ہے کہ مارکوس اسٹونس اور مچل مارش کی فٹنس کے مسائل کے پیشِ نظر اسمتھ کی موجودگی ٹیم کو استحکام دے گی، خاص طور پر اسپن کے خلاف ان کی مہارت کینڈی کی وکٹ پر کارآمد ثابت ہو سکتی ہے۔
آسٹریلیا کے لیے یہ میچ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ زمبابوے کے خلاف غیر متوقع شکست کے بعد آسٹریلیا ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے دہانے پر ہے۔ اگر وہ سری لنکا سے ہار جاتے ہیں اور زمبابوے اپنے اگلے میچز جیت لیتا ہے تو 2021 کی چیمپئن ٹیم کا سفر ختم ہو جائے گا۔ اسٹونس نے اسمتھ کو ایک بہترین پیشہ ور کھلاڑی قرار دیتے ہوئے ان کی آمادگی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔