کاروبار اور معیشت

وافی انرجی کا متحدہ عرب امارات میں ذیلی کمپنی قائم کرنے کا فیصلہ

  • کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اس ذیلی ادارے میں 500,000 امریکی ڈالر تک سرمایہ کاری کی بھی منظوری دی ہے
شائع February 10, 2026 اپ ڈیٹ February 10, 2026 04:02pm

وافی انرجی پاکستان لمیٹڈ (سابقہ شیل پاکستان لمیٹڈ)، جو سعودی عرب کی ایک بڑی توانائی کمپنی ہے، نے پاکستان سے باہر کاروبار اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کی حکمتِ عملی کے تحت دبئی میں اپنی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

لسٹڈ کمپنی نے منگل کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو جاری کردہ نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔

نوٹس کے مطابق نئی کمپنی دبئی ملٹی کموڈیٹیز سینٹر (ڈی ایم سی سی) کے دبئی فری زون میں قائم کی جائے گی اور یہ مکمل طور پر وافی انرجی کی ملکیت ہوگی۔

کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اس ذیلی ادارے میں 500,000 امریکی ڈالر تک سرمایہ کاری کی بھی منظوری دی ہے، تاہم یہ سرمایہ کاری اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور دیگر تمام متعلقہ قانونی و ضابطہ جاتی منظوریوں سے مشروط ہوگی۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد پاکستان سے باہر کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھانا اور کمپنی کی علاقائی موجودگی کو وسعت دینا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال وافی انرجی نے سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں مضبوط مالی بحالی کی اطلاع دی تھی، جس کے دوران کمپنی نے 873 ملین روپے کا خالص منافع حاصل کیا، جو سالانہ بنیاد پر 178 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔