کاروبار اور معیشت
سمیٹری گروپ نے 1.25 ارب روپے کے سرمایہ کاری پلان کی منظوری دے دی
- امریکی ٹیک کمپنی کی خریداری اور مقامی اے آئی کمپنی میں سرمایہ کاری کی جائے گی
سمیٹری گروپ لمیٹڈ نے پیر کو مجموعی طور پر 1.25 ارب روپے تک کے سرمایہ کاری پلان کی منظوری دی ہے، جس میں ایک امریکی ٹیکنالوجی فرم کا حصول اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی مقامی ڈیجیٹل کمپنی میں اسٹریٹجک سرمایہ کاری شامل ہے۔
کمپنی نے اس حوالے سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو باقاعدہ نوٹس کے ذریعے آگاہ کیا۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ منظور شدہ منصوبہ کمپنی کے ڈیجیٹل، میڈیا اور ٹیکنالوجی کے ماحولیاتی نظام کے عین مطابق ہے۔
کمپنی کے مطابق ان فنڈز کو آپریشنل صلاحیت بڑھانے، حال ہی میں حاصل کیے گئے طویل مدتی منصوبوں کی تکمیل، ٹیکنالوجی کے انفرااسٹرکچر کو مضبوط بنانے اور ورکنگ کیپیٹل کی ضروریات پوری کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا، تاکہ منافع بخش میں اضافہ ہو سکے۔