پاکستان

بی ایل اے بھارتی مالی معاونت سے سویلینز کو نشانہ بنا رہی ہے، وزیر دفاع

  • بی ایل اے اور بھارت ایک ہی سکے کے دو رخ، سیکیورٹی فورسز نے دو دن میں دہشت گردوں کی کمر توڑ دی، خواجہ آصف
شائع February 2, 2026 اپ ڈیٹ February 2, 2026 01:33pm

وزیر دفاع خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کو بھارت سے مالی معاونت حاصل ہے اور وہ جان بوجھ کر غریب مزدوروں، خواتین اور بچوں سمیت سویلین علاقوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو دنوں میں سیکورٹی فورسز نے 100 سے زائد دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا ہے۔

خواجہ آصف نے بتایا کہ بلوچستان میں بیک وقت کئی مقامات پر حملے کیے گئے، جو ان کارروائیوں کے منظم ہونے کا ثبوت ہیں۔ انہوں نے بی ایل اے کو بھارت کا مہرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔

وزیر دفاع کے مطابق بھارت پچھلے سال ملنے والی ہزیمت کے بعد اب سویلین آبادی کو نشانہ بنا کر پاکستان کو معاشی عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ملک دو سال کی معاشی مشکلات کے بعد ترقی کی راہ پر گامزن ہوا ہے۔

انہوں نے انٹیلی جنس رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گرفتار دہشت گردوں کے اعترافی بیانات ان کے روابط کے تار بھارت سے ملنے کی تصدیق کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ دہشت گرد تنظیمیں اب معصوم بچوں اور خواتین کو خودکش حملوں کے لیے استعمال کر رہی ہیں۔

انہوں نے نوشکی اور دالبندین میں ایف سی ہیڈ کوارٹرز پر حملوں کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ بروقت کارروائی سے یہ حملے ناکام بنائے گئے، تاہم اس دوران 11 سکیورٹی اہلکار شہید ہوئے۔

خواجہ آصف نے واضح کیا کہ پاکستان بی ایل اے اور ٹی ٹی پی کے خلاف ایک طویل اور فیصلہ کن جنگ لڑ رہا ہے اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھی بلا امتیاز سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد چاہے سرحد کے اندر ہوں یا باہر، پاکستان اپنے دفاع کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گا۔

آخر میں انہوں نے سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر قومی اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں کسی ایک صوبے کے لیے نہیں بلکہ پورے ملک اور مٹی کی وفاداری کے لیے ہیں۔