کیپکو اور فوجی سیمنٹ کا اٹک سیمنٹ کے 84 فیصد شیئرز مشترکہ طور پر خریدنے کا معاہدہ
- لسٹڈ کمپنی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو نوٹس کے ذریعے اہم پیش رفت سے آگاہ کر دیا
اٹک سیمنٹ پاکستان لمیٹڈ (اےسی پی ایل) کی ملکیت میں بڑی تبدیلی متوقع ہے، کیونکہ کوٹ ادو پاور کمپنی لمیٹڈ (کیپکو) اور فوجی سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے مشترکہ طور پر اس کے 84 فیصد حصص حاصل کرنے کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ کیپکو نے جمعہ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو بھیجے گئے نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
نوٹس کے مطابق 30 جنوری 2026 کو خریداروں (کیپکو اور فوجی سیمنٹ) اور فروخت کنندہ (فراعون انویسٹمنٹ گروپ لمیٹڈ ہولڈنگ) کے درمیان سیل اینڈ پرچیز ایگریمنٹ(ایس پی اے) طے پا گیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت اٹک سیمنٹ کے مجموعی جاری کردہ اور ادا شدہ سرمائے کا 84.06 فیصد حصہ خریدا جائے گا اور اس کا مشترکہ کنٹرول سنبھالا جائے گا۔
اس لین دین کی تکمیل سیکیورٹیز ایکٹ 2015 کے تحت عوامی پیشکش، حصص یافتگان کی منظوری اور مسابقتی کمیشن پاکستان (سی سی پی) سمیت دیگر ریگولیٹری اداروں سے کلیئرنس ملنے کے بعد ہوگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال فوجی سیمنٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کپکو کے ساتھ مل کر اٹک سیمنٹ میں اکثریتی حصص حاصل کرنے کے منصوبے کی منظوری دی تھی۔ اس انتظام کے تحت فوجی سیمنٹ 5 کروڑ 77 لاکھ سے زائد عام حصص (42.03 فیصد) حاصل کرے گی، جبکہ کیپکو بھی اتنی ہی تعداد میں حصص خریدے گی، جو کہ اٹک سیمنٹ کے کل ادا شدہ سرمائے کا مزید 42.03 فیصد بنتا ہے۔