کاروبار اور معیشت

سیکیور لاجسٹکس کے شیئر ہولڈرز کی 99.98 فیصد اکثریت سے فن ٹیک سافٹ ویئر خریدنے کی منظوری

  • اس کامیابی سے کمپنی کے لیے حتمی معاہدوں پر عملدرآمد کی راہ ہموار ہو جائے گی
شائع January 30, 2026 اپ ڈیٹ January 30, 2026 01:43pm

پاکستانی لاجسٹکس کمپنی سیکیور لاجسٹکس ٹریکس گروپ لمیٹڈ نے اعلان کیا ہے کہ اس کے شیئر ہولڈرز نے ایک فن ٹیک سافٹ ویئر کے انٹلیکچوئل پراپرٹی حقوق حاصل کرنے کی تجویز منظور کر لی ہے۔ اس منظوری کے بعد کمپنی کے ڈیجیٹل قرضہ جات کے کاروبار میں داخل ہونے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو بھیجے گئے نوٹس میں کمپنی نے بتایا کہ 29 جنوری کو منعقدہ غیر معمولی جنرل اجلاس (ای اوجی ایم) میں شیئر ہولڈرز نے 99.98 فیصد کی بھاری اکثریت سے اس تجویز کی حمایت کی۔

کمپنی کے مطابق اس سنگ میل کے حصول سے اب وہ حتمی معاہدوں اور ریگولیٹری منظوریوں کے عمل کو آگے بڑھا سکے گی، تاکہ 2026 کی پہلی سہ ماہی تک اس سودے کو مکمل کیا جا سکے۔

اس سے قبل جنوری میں اسلام آباد میں قائم اس کمپنی نے بتایا تھا کہ اس کی ذیلی کمپنی لوگی سرو کو نان بینکنگ فنانشل کمپنی (این بی ایف سی) کا لائسنس ملنے کے بعد اس کے اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی (ایس ٹی زیڈ اے) لائسنس میں فن ٹیک کیٹیگری کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ فن ٹیک سافٹ ویئر کے حقوق کے حصول اور 500 ملین روپے تک کی ڈیجیٹل قرضہ سہولیات کا انتظام فروری 2026 کے آخر تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔