کاروبار اور معیشت

عدیل قمر اینگرو پاورجن قادر پور کے سی ای او کے عہدے سے مستعفی

  • عدیل قمر اپنے نوٹس پیریڈ کے دوران بطور سی ای او ذمہ داریاں جاری رکھیں گے، کمپنی
شائع January 26, 2026 اپ ڈیٹ January 26, 2026 01:01pm

اینگرو انرجی لمیٹڈ کے ذیلی ادارے اینگرو پاورجن قادرپور لمیٹڈ (ای پی کیو ایل) نے پیر کو اپنے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) عدیل قمر کے استعفیٰ کا اعلان کردیا۔

اس پیش رفت سے متعلق اسٹاک ایکسچینج کو ایک نوٹس کے ذریعے آگاہ کیا گیا۔

نوٹس کے مطابق عدیل قمر کمپنی کی پالیسی کے مطابق اپنے نوٹس پیریڈ کے دوران بطور سی ای او ذمہ داریاں جاری رکھیں گے اور اس کے بعد بورڈ آف ڈائریکٹرز مناسب وقت پر نئے سی ای او کا تقرر کرے گا۔ کمپنی نے عدیل قمر کی خدمات اور شراکت کے لیے گہری قدر دانی اور شکریہ کا اظہار کیا ہے۔

عدیل قمر نے غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی سے مکینیکل انجینئرنگ میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔

انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 2003 میں اینگرو فرٹیلائزرز سے بطور گریجویٹ ٹرینی انجینئر کیا اور وہ اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلز لمیٹڈ میں بھی متعدد اعلیٰ انتظامی عہدوں پر فائز رہے۔

ای پی کیو ایل ایک آزاد بجلی گھر (آئی پی پی) ہے جو گھوٹکی کے علاقے قادر پور میں 217 میگاواٹ کا پرمیٹ گیس سے چلنے والا پلانٹ چلاتا ہے۔

یہ پلانٹ ایک کمبائنڈ سائیکل پلانٹ ہے، جس کی ترتیب 1+1+1 ہے جس میں ایک گیس ٹربائن، ایک ہیٹ ریکوری سسٹم جنریٹر (ایچ آر ایس جی) اور ایک سٹیم ٹربائن شامل ہیں۔