پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، فتنہ الہندوستان کے 3 دہشت گرد مارے گئے، آئی ایس پی آر
- بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود، دھماکہ خیز مواد بھی برآمد، صدر اور وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کے دوران بھارت کے زیرِ سرپرستی چلنے والے گروہ فتنہ الہندوستان سے وابستہ تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آپریشن دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کیا گیا، جس میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد مقامی کمانڈر فاروق عرف سورو، عدیل اور وسیم مارے گئے جب کہ جائے وقوعہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ یہ دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ عزمِ استحکام وژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف یہ مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی، تاکہ غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اس کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ صدر زرداری نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو قومی سلامتی کے لیے ناگزیر قرار دیا، جبکہ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے اور ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی مٹانے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔