محمد خالد رحمان پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کے سی ای او مقرر
- کمپنی نے اسٹاک ایکسچینج کو ایک نوٹس کے ذریعے اس تقرری سے آگاہ کیا
پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل)نے کمپنی کے چیف فنانشل آفیسر (سی ایف او) محمد خالد رحمان کو کمپنی کا نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) / منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے ایک نوٹس میں اس تقرری سے متعلق باضابطہ طور پر آگاہ کیا۔
نوٹس میں کہا گیا کہ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 9 جنوری 2026 کو منعقدہ اپنے اجلاس میں ایک عبوری انتظام کے طور پر اس تقرری کی منظوری دی ہے۔
انہیں سکندرعلی میمن کی جگہ 10 جنوری 2026 سے 3 ماہ کی مدت کے لیے یا کمپنی کے مستقل سی ای او کی تقرری تک، جو بھی پہلے ہو“ کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔
خالد رحمان ایک تجربہ کار پیشہ ور ہیں، جنہیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر 30 سال سے زائد کا تجربہ حاصل ہے۔ وہ 2009 میں پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کے فنانس ڈپارٹمنٹ میں چیف اکاؤنٹنٹ کی حیثیت سے شامل ہوئے تھے۔
پاکستان کی بڑی ایکسپلوریشن اور پروڈکشن کمپنیوں میں شمار ہونے والی پی پی ایل ملک میں تیل اور قدرتی گیس کے ذخائر کی تلاش، کھوج، ترقی اور پیداوار میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔