دنیا

الوداع 2025، امن کی امیدوں کے ساتھ 2026 کا سورج طلوع، دنیا بھر میں رنگا رنگ آتش بازی

  • سڈنی نے اپنی روایت کے مطابق نئے سال 2026 کا آغاز آتش بازی کے ایک شاندار مظاہرے کے ساتھ کیا
شائع January 1, 2026 اپ ڈیٹ January 1, 2026 12:20pm

جیسے ہی بدھ کے دن کا اختتام ہوا اور جمعرات کا آغاز ہوا، دنیا بھر میں لوگوں نے 10…9…8… کی گنتی کے ساتھ ایک مشکل مگر یادگار سال 2025 کو الوداع کہا اور آنے والے نئے سال کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

بحرالکاہل میں انٹرنیشنل ڈیٹ لائن کے قریب ترین جزائر پر آدھی رات کا آغاز سب سے پہلے ہوا جن میں کیریباتی (کرسمس آئی لینڈ)، ٹونگا اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔

سڈنی میں زبردست آتشبازی

آسٹریلیا میں سڈنی نے اپنی روایت کے مطابق نئے سال 2026 کا آغاز آتش بازی کے ایک شاندار مظاہرے کے ساتھ کیا۔

تقریباً 40,000 پائرو ٹیکنک اثرات نے سڈنی کی بندرگاہ میں 7 کلومیٹر (4 میل سے زائد) پر محیط عمارتوں اور بارجز کو روشن کیا جس میں سڈنی ہاربر برج سے واٹر فال ایفیکٹ بھی شامل تھا۔

اس سال، سڈنی میں یہ جشن پولیس کی سخت سیکیورٹی کے سائے میں منعقد ہوا، جو کہ شہر میں ایک یہودی تقریب کے دوران مسلح افراد کے ہاتھوں 15 افراد کی ہلاکت کے چند ہفتے بعد کی صورتحال ہے۔

انتظامیہ نے مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجے حملے کے متاثرین کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جبکہ ہاربر برج کو سفید روشنیوں سے منور کیا گیا اور اس کے ستونوں پر یہودیوں کی مذہبی علامت مینورا کی تصویر دکھائی گئی۔

سڈنی کی لارڈ میئر کلوور مور نے تقریب سے قبل اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے شہر کے لیے سال کے اس المناک اختتام کے بعد، ہم امید کرتے ہیں کہ نئے سال کی یہ شام ہمیں اکٹھا ہونے کا موقع فراہم کرے گی اور ہم ایک پرامن اور خوشحال 2026 کے لیے پرامید نظروں سے دیکھیں گے۔

سیول (جنوبی کوریا) میں ہزاروں لوگ بوسینگاک بیل پویلین میں جمع ہوئے جہاں آدھی رات کو کانسی کا ایک گھنٹہ 33 بار بجایا گیا۔ یہ روایت بدھ مت کی کائناتیات میں جڑی ہوئی ہے جو 33 آسمانوں کی علامت ہے۔ مانا جاتا ہے کہ ان گھنٹیوں کی گونج بدقسمتی کو دور کرتی ہے اور آنے والے سال کے لیے امن و خوشحالی کا استقبال کرتی ہے۔

چین کی عظیم دیوار پر ڈھول کی محفل

دیوارِ چین کے مقام جو یونگ پاس پر جشن منایا گیا اور ڈھول بجانے (ڈرم پرفارمنس) کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ جشن منانے والوں نے سروں پر مخصوص ٹوپیاں پہن رکھی تھیں اور ایسے بورڈز لہرا رہے تھے جن پر ”2026“ اور گھوڑے کی علامت نقش تھی۔ چینی قمری کیلنڈر کے مطابق، فروری میں گھوڑے کے سال کا آغاز ہوگا۔

ہانگ کانگ میں نومبر میں ایک اپارٹمنٹ کمپلیکس میں لگنے والی آگ جس میں 161 افراد ہلاک ہو گئے تھے، اس کے بعد سالانہ آتش بازی کا مظاہرہ منسوخ کر دیا گیا۔ اس کے بجائے، ’نئی امیدیں، نئے آغاز‘ کے عنوان سے ایک لائٹ شو منعقد کیا گیا جس نے وسطی ضلع کی عمارتوں کے بیرونی حصوں کو جگمگا دیا۔

کروشیا میں تقریبات جلدی شروع ہوگئیں۔

سن 2000 سے فوزینے کے قصبے میں نئے سال کی الٹی گنتی دوپہر کے وقت منعقد کی جاتی ہے، یہ ایک ایسی روایت ہے جو اب پورے ملک میں پھیل چکی ہے۔ وہاں موجود ہجوم نے خوشی کا اظہار کیا، شیمپین کے ساتھ ایک دوسرے کی سلامتی کے جام پئے اور موسیقی کی تھاپ پر رقص کیا اور یہ سب دن کے اجالے میں ہوا۔ کچھ بہادر لوگوں نے سانٹا ٹوپیاں پہن کر باجر جھیل کے برفیلے پانی میں ڈبکی بھی لگائی۔

”برازیل ریکارڈ توڑنے کے لیے پرامید“

ریو ڈی جنیرو کے کوپاکابانا بیچ پر مقامی لوگوں نے گرم موسم میں موسیقی اور آتش بازی کی ایک شاندار تقریب کے ساتھ نئے سال کا استقبال کیا، جسے ریویلون کے نام سے جانا جاتا ہے۔

منتظمین کو امید تھی کہ وہ 2024 کا اپنا ہی گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑ دیں گے، جو نئے سال کی سب سے بڑی تقریب منعقد کرنے کا ریکارڈ تھا۔

دوسری جانب، مزید روایتی آدھی رات کے جشن کی تیاری شروع ہو گئی۔ نیو یارک میں صفر سے کم درجہ حرارت کے باوجود، منتظمین نے سیکیورٹی بیریئرز اور اسٹیجیں نصب کرنا شروع کر دی، تاکہ ٹائمز اسکوائر میں سالانہ بال ڈراپ کے لیے جمع ہونے والے ہجوم کا انتظام کیا جا سکے۔

یونان کے شہر ایتھنز میں ایکروپولیس پر واقع قدیم پارتھینن مندر میں نئے سال کا آغاز خاموشی سے ہوا۔

ایتھنز کے میئر نے بتایا کہ اس بار خاموش اور ماحول دوست آتش بازی کا استعمال کیا گیا، جس کی وجہ انہوں نے شور والے مظاہروں سے پالتو جانوروں، جنگلی حیات اور بعض لوگوں کو پہنچنے والی تکلیف اور پریشانی کو قرار دیا۔

برف باری سے ڈھکے ہوئے کیف اور ماسکو میں، یوکرینیوں اور روسیوں دونوں نے نئے سال کا استقبال کیا اور تقریباً چار سال سے جاری تنازع کے بعد امن کی امیدوں کا اظہار کیا۔

وسطی ماسکو میں ایک خاتون جنہوں نے اپنا نام صرف لاریسا بتایا، نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ جنگ ختم ہو جائے، میرے خیال میں یہ ہمارے ملک کے لیے سب سے اہم اور بنیادی موضوع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے خاندان کے ساتھ موسمِ سرما کی چھٹیوں میں روسی دارالحکومت دیکھنے کے لیے دور دراز کے علاقے التائی کرائی سے سفر کر کے آئی ہیں۔

کئی یوکرینی شہری اس بات پر افسوس کا اظہار کررہے تھے کہ امن ابھی بھی ایک دور کی امید لگتا ہے۔

لیکن کیو میں نصب کرسمس ٹری کے پاس گرم کپڑے پہنے نو سالہ اولیسیا زیادہ پرامید نظر آئیں۔

انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ نئے سال میں امن آئے گا۔