دنیا

روس : یوکرینی ڈرون حملے کے بعد ٹواپسے آئل ریفائنری میں آگ بھڑک اٹھی

  • دو افراد زخمی ، ریفائنری کی تنصیبات، بندرگاہ کی برتھ اور قریبی پانچ گھروں کو نقصان پہنچا، روسی انتظامیہ
شائع اپ ڈیٹ

روسی حکام کے مطابق کراسنوڈار ریجن میں واقع ٹواپسے آئل ریفائنری پر یوکرینی ڈرون حملے کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہو گئے اور آگ بھڑک اٹھی۔ مقامی انتظامیہ نے ٹیلی گرام پر بتایا کہ اس حملے سے ریفائنری کی تنصیبات، بندرگاہ کی ایک برتھ اور قریبی پانچ گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔

تقریباً 300 مربع میٹر رقبے پر لگی آگ کو بجھا دیا گیا ہے، تاہم حکام نے ابھی تک یہ واضح نہیں کیا کہ ریفائنری کی آپریشنل صلاحیت کتنی متاثر ہوئی ہے۔ بحیرہ اسود کے ساحل پر واقع یہ ریفائنری روس کی بڑی آئل کمپنی روس نیفٹ کی ملکیت ہے، جہاں روزانہ 2 لاکھ 40 ہزار بیرل خام تیل صاف کرنے کی گنجائش ہے اور یہاں سے بڑے پیمانے پر ایندھن برآمد کیا جاتا ہے۔

یوکرین کی جانب سے اس حملے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا، لیکن روسی ذرائع کا کہنا ہے کہ منگل کی رات علاقے میں دھماکوں کی شدید آوازیں سنی گئی تھیں۔ جنگ کے آغاز سے اب تک اس تزویراتی اہمیت کی حامل ریفائنری اور بندرگاہ کو متعدد بار نشانہ بنایا جا چکا ہے۔