کاروبار اور معیشت

سونے کے فراڈ کا کیس،جیولرز مارکیٹ کا وفد لاہور چیمبر پہنچ گیا،تیز تحقیقات کا مطالبہ

  • واقعے کو تقریباً 15دن گزر چکے، تاحال متاثرہ تاجروں کو کسی ٹھوس پیشرفت یا ریکوری سے متعلق آگاہ نہیں کیا گیا، عابد میاں
شائع December 26, 2025 اپ ڈیٹ December 26, 2025 08:36pm

جیولرز مارکیٹ کے وفد نے عابد میاں کی قیادت میں لاہور چیمبرکا دورہ کیا اور صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل سے ملاقات کی۔ اس موقع پر لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ بھی موجود تھے۔وفد کے دیگر شرکاء میں عثمان رشید بھٹی، احمد صدیق، ظفر سعید، عثمان بٹ اور اعظم خان شامل تھے۔

ملاقات کے دوران وفد نے لاہور کی جیولرز مارکیٹ میں پیش آنے والے سونے کے بڑے فراڈ کیس پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ واقعے کو تقریباً 15دن گزر چکے ہیں مگر تاحال متاثرہ تاجروں کو کسی ٹھوس پیشرفت یا ریکوری سے متعلق آگاہ نہیں کیا گیا۔

وفد کے ارکان نے بتایا کہ ملزم ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت تقریباً 20 کلوگرام کے قریب سونا لے کر فرار ہواجس کے باعث درجنوں دکاندار اور ان کے خاندان شدید مالی اور ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر متاثرہ افراد کے کلیمز مکمل طور پر دستاویزی، تصدیق شدہ اور یونین کی جانب سے ویری فائی کیے گئے ہیں جب کہ پولیس اسٹیشنز میں درج ایف آئی آرز بھی حقائق پر مبنی ہیں۔

وفد کا کہنا تھا کہ سب سے تشویشناک پہلو یہ ہے کہ تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ملزم ملک میں موجود ہے یا بیرونِ ملک فرار ہو چکا ہے، جبکہ جدید ٹیکنالوجی، سی سی ٹی وی فوٹیج، کال ڈیٹا ریکارڈ اور دیگر شواہد کے باوجود تحقیقات سست روی کا شکار ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ملزم کے گھر سے رات کے وقت سامان منتقل ہونے، گاڑی کی نقل و حرکت اور ملازمین کے بیانات جیسے اہم پہلوؤں پر مؤثر تفتیش نہیں کی گئی۔

جیولرز وفد نے مطالبہ کیا کہ کیس کو پنجاب پولیس کے اسپیشلائزڈ ادارے سی سی ڈی یا کسی مضبوط تحقیقاتی ٹیم کے سپرد کیا جائے تاکہ شفاف، تیز اور نتیجہ خیز تحقیقات ممکن ہو سکیں۔ وفد نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ اب تک ہونے والی تحقیقات کی باقاعدہ رپورٹ جاری کی جائے تاکہ متاثرہ تاجروں کو اعتماد مل سکے۔

صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے وفد کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ لاہور چیمبر تاجروں کے جائز حقوق کے تحفظ کے لیے ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ محض چند افراد کا نقصان نہیں بلکہ معیشت، اعتماد اور کاروباری ماحول کا معاملہ ہے، جس کے اثرات پورے مارکیٹ سسٹم پر پڑتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر متاثرہ جیولرز کی درخواست پر متعلقہ حکومتی اداروں، پولیس حکام اور دیگر فورمز سے باضابطہ طور پر رابطہ کرے گا، معاملے کو میڈیا میں اجاگر کیا جائے گا اور اگر ضرورت پڑی تو پریس کانفرنس بھی کی جائے گی تاکہ ذمہ دار اداروں پر تحقیقات تیز کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جا سکے۔

سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ نے کہا کہ تاجروں کے اعتماد کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے اور ایسے واقعات کی بروقت اور شفاف تحقیقات نہ صرف انصاف بلکہ کاروباری سرگرمیوں کے تسلسل کے لیے بھی ناگزیر ہیں۔وفد نے لاہور چیمبر کے کردار کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ چیمبر کی مداخلت سے تحقیقات میں تیزی آئے گی، ملزم کو گرفتار کر کے متاثرہ تاجروں کی رقوم اور سونا بازیاب کرایا جا سکے گا اور مارکیٹ میں اعتماد بحال ہوگا۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2025