سونا، چاندی مزید مہنگے، نئی قیمت تاریخی سطح پر جاپہنچی
- عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 20 ڈالر کے بڑے اضافے سے 4505 ڈالر فی اونس کی ریکارڈ سطح پر جاپہنچا
عالمی و مقامی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اضافے کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں بدھ کو قیمتی دھاتوں کی قیمتیں تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔
عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 20 ڈالر کے بڑے اضافے سے 4505 ڈالر فی اونس کی ریکارڈ سطح پر جاپہنچا۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں اضافے کے باعث مقامی سطح پر بھی فی تولہ سونا 2 ہزار روپے کے اضافے سے ملکی تاریخ میں پہلی بار 4 لاکھ 72 ہزار 862 روپے کی بلند ترین سطح پر جاپہنچا۔
اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی ایک ہزار714 روپے کے بھاری اضافے سے 4 لاکھ 5 ہزار402 روپے ہوگئی۔
یاد رہے کہ منگل کو سونے کی فی تولہ قیمت 8500 روپے کے اضافے سے 4 لاکھ 70 ہزار 862 روپے کی بلند ترین سطح پر جاپہنچی تھی۔
دریں اثنا چاندی کی فی تولہ قیمت 500 روپے کے اضافے سے 7 ہزار 705 روپےکی بلند ترین سطح پر جاپہنچی۔