دنیا

کمبوڈیا نے تھائی لینڈ سے سرحدی مذاکرات ملائیشیا منتقل کرنے کی درخواست کر دی

  • دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ سرحدی تنازع اس ماہ دوبارہ بھڑک اٹھا، جس سے پہلے سے قائم جنگ بندی ختم ہوگئی
شائع December 23, 2025 اپ ڈیٹ December 23, 2025 01:25pm

کمبوڈیا نے تھائی لینڈ سے درخواست کی ہے کہ دو طرفہ مذاکرات تھائی لینڈ کے بجائے ایک غیر جانبدار مقام کوالالمپور میں منعقد کیے جائیں۔

اے ایف پی کے مطابق یہ مطالبہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان دو ہفتوں سے جاری خونی سرحدی جھڑپوں کے بعد جنگ بندی کی شرائط پر بات چیت متوقع ہے۔

کمبوڈین وزیرِ دفاع ٹی سیہا نے اپنے تھائی ہم منصب کو لکھے گئے خط میں مؤقف اختیار کیا کہ سرحد پر جاری لڑائی کے باعث سکیورٹی خدشات ہیں، اس لیے مذاکرات کسی محفوظ اور غیر جانبدار مقام پر ہونے چاہییں۔ ان کے مطابق آسیان کے چیئرمین کی حیثیت سے ملائیشیا مذاکرات کی میزبانی پر آمادہ ہے۔

دوسری جانب تھائی لینڈ نے کہا ہے کہ مذاکرات کے مقام پر ابھی مشاورت جاری ہے۔ تھائی وزیرِ دفاع نے اصرار کیا کہ چنتھابوری محفوظ علاقہ ہے اور وہاں لڑائی نہ ہونے کے برابر ہے۔

واضح رہے کہ دونوں ممالک کے دیرینہ سرحدی تنازع میں حالیہ جھڑپوں کے نتیجے میں 40 سے زائد افراد ہلاک اور نو لاکھ سے زیادہ شہری بے گھر ہو چکے ہیں، جبکہ ایک سابقہ جنگ بندی بھی ختم ہوچکی ہے۔