کاروبار اور معیشت

ایکنک نے مختلف شعبوں میں 11 منصوبوں کی منظوری دیدی

  • اجلاس میں داسو ہائیڈرو پاور منصوبے کے نظرثانی شدہ پی سی ون کی منظوری بھی دی گئی
شائع اپ ڈیٹ

نیشنل اکنامک کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) کے اجلاس کی صدارت ہفتے کے روز نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کی، جس میں ٹرانسپورٹ، مواصلات اور ماحولیات سمیت مختلف شعبوں سے متعلق 11 منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، وزیرِ اعظم کے خصوصی معاون طارق باجوہ، سندھ اور خیبر پختونخوا کے وزرا، متعلقہ وزارتوں کے مختلف وفاقی سیکریٹریز اور صوبائی ترقیاتی محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ نائب وزیرِاعظم کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں یہ بات بتائی گئی۔

اجلاس میں داسو ہائیڈرو پاور منصوبے کے نظرثانی شدہ پی سی ون کی منظوری بھی دی گئی۔ اس کے علاوہ ایک پالیسی پیپر کی بھی منظوری دی گئی جس کے تحت ہر سال 10 ہزار تک نوجوان انجینئرز کو تربیت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے اور انہیں ترقیاتی منصوبوں میں تعینات کیا جائے گا۔