پاکستان

آئی ٹی شعبہ چیلنجز کے باوجود اقتصادی بحالی میں کلیدی کردار ادا کررہا، وزیراعظم

  • نوجوانوں کو عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کے قابل مہارتوں سے آراستہ کرنے پر توجہ مرکوز کررہے ہیں، شہباز شریف
شائع اپ ڈیٹ

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کی اقتصادی بحالی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے شعبے کے اہم کردار پر زور دیا اور کہا کہ یہ صنعت معاشی چیلنجز کے باوجود مضبوطی اور مسلسل ترقی کا مظاہرہ کررہی ہے۔

آئی ٹی کی قیادت میں معاشی ترقی کے لیے نجی شعبے کے ورکنگ گروپ کے ساتھ ایک اجلاس میں وزیر اعظم نے آصف پیر کی سربراہی میں کمیٹی کی جانب سے پیش کردہ سفارشات کی تعریف کرتے ہوئے انہیں بروقت اور حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کے عین مطابق قرار دیا۔ انہوں نے آئی ٹی برآمدات میں ہونے والے مسلسل اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا اور اسے ملک کی معاشی بحالی میں اس شعبے کی صلاحیت کا ایک مثبت اشارہ قرار دیا۔

شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت آئی ٹی ورک فورس کی تکنیکی تربیت کو مضبوط بنانے، ٹیکس میں سہولیات فراہم کرنے اور ساختی رکاوٹیں دور کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ مستقل ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نوجوانوں کو عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کے قابل مہارتوں سے آراستہ کرنے پر توجہ مرکوز کررہے ہیں تاکہ وہ ایک تجربہ کار اور قابل اعتماد ورک فورس کے طور پر بین الاقوامی آئی ٹی مارکیٹ میں قدم رکھ سکیں۔

وزیراعظم نے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ نوجوانوں کے لیے، خاص طور پر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے ذریعے، مزید روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اضافی اقدامات کریں۔

انہوں نے ملک گیر آئی ٹی انفرااسٹرکچر میں بہتری کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ قابل اعتماد اور سستی انٹرنیٹ خدمات تک رسائی ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینے کے لیے انتہائی اہم ہے۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کمیٹی کو ہدایت دی کہ وہ پیش کی گئی سفارشات کا جائزہ لیں اور دو ہفتوں کے اندر ایک جامع رپورٹ پیش کرے۔ زیرِ غور تجاویز میں ڈیجیٹل معیشت کے فروغ، آئی ٹی برآمدات میں اضافہ، اور شعبے بھر میں اصلاحات کے اقدامات شامل تھے جن میں ڈیٹا پر مبنی گورننس ماڈل کی ترقی بھی شامل ہے۔

نجی شعبے کے شرکاء نے حکومتی اقدامات کو خوش آمدید کہا جن میں برآمدی مارکیٹ میں حصہ بڑھانے کی کوششیں، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کی مکمل ڈیجیٹائزیشن، ای-روزگار پروگرام، اور اسٹارٹ اپ اور جدت طرازی کے ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانا شامل ہیں۔

اجلاس میں اہم وفاقی وزراء بھی شریک ہوئے، جن میں احسن اقبال، جام کمال خان، محمد اورنگزیب، مسادق ملک، احد چیمہ، عطا تارڑ، اور شزا فاطمہ خواجہ شامل ہیں۔

اس کے علاوہ وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے خصوصی معاون ہارون اختر، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین رشید لنگریال، اور متعلقہ سرکاری محکموں کے سینئر اہلکار بھی موجود تھے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2025