پاکستان

کراچی کی ترقی اور ٹریفک بہتر بنانے کیلئے طویل مدتی سرمایہ کاری کے منصوبے جاری ، مراد علی شاہ

  • وزیراعلیٰ سندھ نے پورٹ سٹی کراچی میں میگا ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے شہر میں بنیادی ڈھانچے، معاشی سرگرمیوں اور ٹریفک نظم و نسق کو بہتر بنانے کے اقدامات پر زور دیا
شائع December 14, 2025 اپ ڈیٹ December 14, 2025 07:38pm

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اتوار کو شہر کا طویل دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے شاہراہِ بھٹو، کورنگی کازی وے برج جنکشن، ملیر ریور پل، ملیر کے فلائی اوورز ، بی آر ٹی ریڈ ،گرین لائن منصوبوں سمیت متعدد میگا ترقیاتی اور ٹرانسپورٹ انفرااسٹرکچر منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ، معاون خصوصی وزیر اعلیٰ سید قاسم نوید اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی موجود تھے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ کراچی کے ترقیاتی منصوبے محض تعمیراتی سرگرمیاں نہیں بلکہ شہر کی معاشی ترقی، ٹریفک کی بہبود اور معیارِ زندگی کے لیے طویل مدتی سرمایہ کاری ہیں۔ انہوں نے معیار، شفافیت اور وقت کی پابندی پر زور دیا۔

کورنگی کازی وے برج جنکشن

وزیراعلیٰ نے کورنگی کاز وے برج کا معائنہ کیا، جس پر 1.89 ارب روپے لاگت سے چار لوپس اور چار سلپ روڈز کے ساتھ 2.7 کلومیٹر لمبائی کے منصوبے پر کام جاری ہے۔ انہوں نے تعمیراتی کام میں تیز رفتاری اور شہری سہولت یقینی بنانے کی ہدایت دی۔

این 5 پل، مرغی خانہ

ملیر ریور پر 2.9216 ارب روپے لاگت سے این 5 پل کی تعمیر کا جائزہ لیا گیا، جو مارچ 2025 تک مکمل ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ پل ملیر اور آس پاس کے علاقوں کے لیے محفوظ، تیز اور مؤثر سفر فراہم کرے گا۔

خالد بن ولید روڈ فلائی اوور ، بھینس کالونی

682 میٹر طویل اور 20.65 میٹر چوڑا فلائی اوور ٹریفک کو نیشنل ہائی وے سے ملائے گا، جس سے شہری نقل و حمل بہتر ہوگی۔ منصوبے کی تکمیل جنوری 2026 تک متوقع ہے۔

بی آر ٹی ریڈ لائن

ملیر کینٹ سے نمائش تک ریڈ لائن منصوبہ کراچی میں تیز، محفوظ اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ فراہم کرے گا۔ اس کا مجموعی کام 36 فیصد مکمل ہو چکا ہے۔

گرین لائن

مراد شاہ نے ایم اے جناح روڈ پر گرین لائن منصوبے کا معائنہ اور بس اسٹاپس، ٹکٹنگ اور انڈر پاس کی سہولیات کا بھی جائزہ لیا ۔ وزیراعلیٰ نے کام کی رفتار تیز اور ٹریفک روانی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے تمام محکموں، کنسلٹنٹس اور ٹھیکیداروں کو ہدایت دی کہ منصوبوں کی مکمل نگرانی، جدید ٹیکنالوجی اور اسمارٹ مینجمنٹ کے ذریعے اعلیٰ معیار اور بروقت تکمیل یقینی بنائیں۔