دنیا

سعودی عرب اور قطر نے خلیجی ممالک کو جوڑنے کیلئے ہائی اسپید ریلوے معاہدے پر دستخط کر دیے

  • یہ ہائی اسپید الیکٹرک مسافر ریلوے ریاض اور دوحہ کو جوڑے گا
شائع اپ ڈیٹ

سعودی عرب اور قطر نے پیر کے روز ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت دونوں خلیجی ممالک کی دارالحکومتوں کو ملانے کے لیے ہائی اسپید ریلوے کا منصوبہ بنایا جائے گا، جو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری کی تازہ علامت ہے۔

سرکاری سعودی ذرائع کے مطابق یہ ہائی اسپید الیکٹرک مسافر ریلوے ریاض اور دوحہ کو جوڑے گا، جبکہ سعودی شہروں الحوفوف اور دمام کو بھی اس نیٹ ورک میں شامل کیا جائے گا۔ ٹرین کی رفتار 300 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ ہوگی اور دونوں دارالحکومتوں کے درمیان سفر تقریباً دو گھنٹے میں مکمل ہوگا۔ براہِ راست پرواز کا دورانیہ تقریباً 90 منٹ ہے۔

یہ منصوبہ چھ سال میں مکمل ہونے کی توقع ہے اور سالانہ تقریباً ایک کروڑ مسافروں کی سہولت فراہم کرے گا۔ معاہدے پر دستخط سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے ریاض میں قطر کے امیر کے دورے کے دوران کیے۔

یہ معاہدہ دونوں خلیجی ممالک کے تعلقات میں حالیہ برسوں میں نمایاں بہتری کی ایک اور مثال ہے۔ جون 2017 میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے قطر کے ساتھ تمام سفارتی اور ٹرانسپورٹ روابط منقطع کر دیے تھے۔ ان ممالک نے دوحہ پر انتہا پسند اسلام پسند گروپوں کی حمایت اور سعودی عرب کے حریف ایران کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کے الزامات لگائے تھے، جنہیں قطر نے سختی سے مسترد کیا۔

جنوری 2021 میں سعودی صحرا کے شہر العلا میں سمٹ کے بعد تعلقات مکمل طور پر بحال کیے گئے۔ تب سے دونوں ممالک کے رہنما باقاعدگی سے ملاقاتیں کر رہے ہیں اور خطے میں امن کے لیے مشترکہ سفارتی اقدامات کی حمایت کر رہے ہیں، جن میں غزہ میں جنگ بندی کی کال بھی شامل ہے۔