شادیانہ نے ویڈنگ انڈسٹری میں قدم جمانے کیلئے 8 لاکھ ڈالر کی پری سیڈ فنڈنگ حاصل کرلی
- خواتین بانی اور انڈسٹری آؤٹ سائیڈر ہونا اسٹارٹ اپ کے لیے فائدہ مند ثابت ہوا، عزہ زمان
پاکستان کی ویڈنگ ٹیکنالوجی اسٹارٹ اپ شادیانہ نے اپنی پراڈکٹ کی تیاری اور ملک کی 900 ارب روپے (3.21 ارب ڈالر) مالیت کی شادی کی صنعت کو منظم کرنے کے لیے انڈس ویلی کیپٹل (آئی وی سی) سے 8 لاکھ ڈالر کی پری سیڈ فنڈنگ حاصل کی ہے۔
ایک بیان کے مطابق آئی وی سی کی طرف سے لگ بھگ 1 ملین ڈالر کی فنڈنگ کے ساتھ 5 لاکھ سے زائد صارفین ، 600 وینڈرز اور 30 ہزار شادیوں کی منصوبہ بندی کرنے کے بعد شادیانہ اسلام آباد سے آگے لاہور اور کراچی تک اپنی رسائی کو توسیع دے رہا ہے۔
شادیانہ کی شریک بانی اور چیف آپریٹنگ آفیسر نیلم شعیب کا کہنا ہے کہ ہر نئی بکنگ سے جوش و خروش محسوس ہوتا ہے اور یہی جذبہ شادیانہ ویڈنگ پلانر ایپ کو آگے بڑھا رہا ہے۔ ان کا مقصد پاکستان کے شاندار مگر غیر منظم شادی کے نظام کو ہموار، اسمارٹ اور ہر جگہ دستیاب بنانا ہے۔
نیلم شعیب کے لیے تبدیلی کی ضرورت اس وقت سامنے آئی جب وہ اپنی بہن کی شادی میں بخار کا شکار ہوگئیں جس سے یہ احساس ہوا کہ شادیوں کا انتظام کتنا تھکا دینے والا ہو سکتا ہے، چاہے خاندان بہت زیادہ رقم خرچ کریں۔
بعد میں جب انہوں نے اور شریک بانی عزہ زمان نے اپنے منصوبوں پر بات کی، تو شادی کی صنعت ایک واضح اور موزوں موقع کے طور پر سامنے آئی۔
عزہ زمان نے کہا کہ ورکنگ کلاس پس منظر کے باوجود انہوں نے اپنے جذبے کے تحت چیزیں بنانے اور اس عمل میں کھو جانے کا انتخاب کیا۔
بزنس ریکارڈر سے بات کرتے ہوئے عزہ زمان نے کہا کہ خواتین بانی اور انڈسٹری آؤٹ سائیڈر ہونے کی حیثیت دراصل ان کے لیے فائدہ مند رہی۔
یہ ہمیں اپنے فیصلوں میں حقیقت پسند اور منظم بناتا ہے، ہم ہر چیز کو بنیادی اصولوں سے پرکھتے ہیں، کیا یہ بہترین طریقہ ہے؟ کیا یہ ہمارے محدود وسائل کا بہترین استعمال ہے؟ انہوں نے مزید کہا کہ اس سوچ نے پہلے دن سے ہی آپریشنل کارکردگی کی بنیاد رکھی۔
عزہ زمان کے مطابق انڈسٹری آؤٹ سائیڈر ہونے کی وجہ سے کمپنی نے بغیر کسی پرانی سوچ کے مسائل کے حل نئے سرے سے تیار کیے۔ یہ امتزاج وسائل کا منظم استعمال اور بنیادی اصولوں سے مسائل کا حل ہماری پراڈکٹ کی تیاری اور پورے ایکو سسٹم کے ساتھ تعلق کے لیے مرکزی ستون رہا ہے۔
جب پوچھا گیا کہ اسٹارٹ اپ نے آئی وی سی کو قائل کیسے کیا تو عزہ زمان نے بتایا کہ فنڈ نے شادیانہ میں سرمایہ کاری اس لیے کی کیونکہ یہ شادی کی صنعت میں شفافیت اور سادگی لا رہا ہے۔
تاہم اسٹارٹ اپ نے اس مرحلے پر آمدنی کے اعدادوشمار ظاہر کرنے سے گریز کیا۔ عزہ زمان کے مطابق جیسے جیسے کمپنی ترقی کرے گی، مستقبل کے اعلانات میں مزید کارکردگی کے اعدادوشمار شیئر کیے جائیں گے۔
شادیانہ نے اپنی ویڈنگ پلانر ایپ لانچ کی ہے جو اپنی نوعیت کی پہلی اینڈ ٹو اینڈ ایپ ہے جو جوڑوں کو کہیں سے بھی وینڈرز کو تلاش کرنے، بک کرنے اور ان کا انتظام کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے، ساتھ ہی وسائل اور منصوبہ بندی کے ٹولز تک ریئل ٹائم رسائی بھی دیتی ہے۔
انڈس ویلی کیپٹل کے منیجنگ پارٹنر عاطف اعوان نے کہا کہ شادیانہ پاکستان کی سب سے بڑی لیکن سب سے زیادہ نظر انداز کی جانے والی صنعتوں میں سے ایک میں نظم، شفافیت اور اعتماد لا رہا ہے۔
ان کا صارفین کے ساتھ لگاؤ اور بانیوں کی مارکیٹ فٹ انہیں بالکل وہ ٹیم بناتا ہے جسے ہم سپورٹ کرنا پسند کرتے ہیں، ہم شادیانہ کے ساتھ شراکت داری کے لیے پرجوش ہیں تاکہ ملک کا سب سے بڑا ویڈنگ پلیٹ فارم تیار کیا جاسکے۔
شادیانہ کا کہنا ہے کہ چونکہ مارکیٹ اربوں روپے کی ہے اور سالانہ لاکھوں شادیاں منعقد ہوتی ہیں، اس لیے کمپنی اگلے مرحلے میں مزید شہروں میں وینڈر کی بنیاد بڑھانے، ٹیکنالوجی پر مبنی منصوبہ بندی کے مزید ٹولز متعارف کروانے اور اپنی ٹیم کو مضبوط کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔