ایزاخیل ڈرائی پورٹ : کنسائنمنٹس کی بہتر ہینڈلنگ پر ایف بی آر کے سی جی او کا خیرمقدم
چیئرمین بزنس مین گروپ (بی ایم جی) زبیر موتی والا اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے صدر محمد ریحان حنیف نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے جاری کیے گئے کسٹمز جنرل آرڈر (سی جی او) نمبر 08/2025 کا خیرمقدم کیا ہے، جس کے ذریعے ایزاخیل ڈرائی پورٹ کے لیے جانے والی ٹرانشپمنٹ کنسائنمنٹس کی ہینڈلنگ کے طریقہ کار میں ایک اہم بہتری متعارف کرائی گئی ہے۔
ان کے مطابق یہ ترمیم سی جی او 12/2002 کا تسلسل ہے جو عمل درآمد میں یکسانیت لاتی ہے، غیر ضروری تاخیر کو روکتی اور ٹرانشپمنٹ کارگو کی نقل و حرکت میں شامل تمام اسٹیک ہولڈرز کے لیے واضح طریقہ کار فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹریکنگ ڈیوائس نہ ہونے کی صورت میں کسٹمز اسکواٹ کی لازمی فراہمی اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ ہر کنسائنمنٹ بغیر کسی انحراف کے مقررہ ڈرائی پورٹ تک پہنچے۔ اس سے غلط استعمال، بے قاعدہ نقل و حرکت اور غیر مجاز کلیئرنس کے امکانات کم ہوں گے، جبکہ تمام کنسائنمنٹس کی مؤثر نگرانی ممکن ہوگی۔
بی ایم جی اور کے سی سی آئی نے واضح کیا کہ ٹرانشپمنٹ کے لیے یکساں، محفوظ اور شفاف نظام کا مطالبہ کاروباری برادری طویل عرصے سے کرتی آ رہی تھی، جسے کے سی سی آئی مختلف فورمز پر مسلسل اجاگر کرتا رہا ہے۔
یہ ترمیم اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت تاجروں کے عملی مسائل کو سمجھ رہی ہے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔