کاروبار اور معیشت

ایل پی جی قیمتیں ریکارڈ سطح پر پہنچ گئیں، بزنس ریکارڈر سروے

  • 15 کلو گرام کے گھریلو سلنڈر کی قیمت چار ہزار سات سو روپے تک پہنچ گئی ہے،
شائع November 30, 2025 اپ ڈیٹ November 30, 2025 12:23pm

پزنس ریکارڈر نے ہفتہ کو کئے گئے ایک سروے میں بتایا کہ پاکستان میں ایل پی جی کی قیمتیں ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی ہیں، جس کے مطابق 15 کلو گرام کے گھریلو سلنڈر کی قیمت چار ہزار سات سو روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ اوگرا کی جانب سے مقررہ سرکاری قیمت تین ہزار پندرہ روپے فی سلنڈر ہے۔ اوگرا نے نومبر 2025 کے لیے قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا اور 15 کلو گرام کے سلنڈر کی قیمت اکتوبر کے مقابلے میں 72 روپے کم کر کے 201 روپے فی کلو مقرر کی تھی، تاہم مارکیٹنگ کمپنیوں، ڈسٹریبیوٹرز اور ریٹیلرز نے صارفین سے اضافی رقم وصول کر کے سرکاری قیمت کو نظرانداز کیا، جس سے صارفین پر مہنگائی کا بوجھ بڑھ گیا۔

خوردہ بازار میں کئی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، مگر ریٹیلرز اس کمی کو صارفین تک منتقل کرنے میں ناکام ہیں۔ آٹے کی بہترین کوالٹی کا ایک 15 کلو بیگ 1720 روپے میں دستیاب ہے جبکہ ریٹیل میں 1780 سے 1800 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔ روٹی، نان اور پراٹھے کی قیمتیں برقرار ہیں۔ چینی کی قیمت 50 کلو بیگ میں 8750 روپے پر آئی ہے، جبکہ سرکاری قیمت 8600 روپے ہے، مگر غیر لائسنس یافتہ ریٹیلرز اسے 190 سے 200 روپے فی کلو فروخت کر رہے ہیں۔

مرغی کی قیمتیں بھی گھٹ کر 12 ہزار روپے فی 40 کلو ہوگئی ہیں، جبکہ ریٹیل میں 330 سے 345 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔ انڈے کی قیمت میں بھی معمولی کمی آئی ہے، تاہم ریٹیل میں 340 سے 350 روپے فی درجن فروخت ہو رہے ہیں۔ گوشت کی قیمتیں مستحکم ہیں، مٹن کی عام کوالٹی 2400 روپے فی کلو اور بہترین کوالٹی 2700 سے 2800 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔ بون لیس گوشت 1500 روپے فی کلو جبکہ مکس گوشت 1300 روپے فی کلو ہے۔

چاول کی قیمتیں نئے اسٹاک کی آمد کے بعد نمایاں کمی کے ساتھ دستیاب ہیں، بہترین کوالٹی باسمتی چال 11000 روپے فی 40 کلو بیگ میں اور ریٹیل میں 300 روپے فی کلو ہے۔ معمولی کوالٹی باسمتی چال 10000 روپے فی 40 کلو بیگ اور ریٹیل میں 270 روپے فی کلو دستیاب ہے۔ دالوں میں دال ماش کی قیمت 13200 روپے فی 40 کلو اور چنے کی قیمت 8400 روپے فی 40 کلو بیگ ہوگئی ہے۔ مونگ دال کی قیمت 400 روپے فی کلو ہوگئی ہے، جبکہ مسور دال 260 روپے فی کلو پر برقرار ہے۔

سبزیوں کی قیمتیں بھی کمی کا رجحان رکھتی ہیں۔ آلو 3000 سے 4500 روپے فی من، پیاز 5200 سے 7700 روپے فی من، ٹماٹر 1100 روپے فی 15 کلو اور بند گوبھی 450 روپے فی 5 کلو پر فروخت ہو رہی ہے۔ بینگن، گوبھی، ٹنڈا اور پھلیاں بھی ریٹیل میں مہنگی فروخت ہو رہی ہیں۔

دودھ، گھی، تیل، مصالحہ جات، صابن اور سافٹ ڈرنکس کی قیمتیں مستحکم ہیں۔ ملک پاک اور اولپرز دودھ کا کارٹن 3800 سے 4000 روپے میں دستیاب ہے جبکہ ریٹیل میں 360 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے۔

صارفین نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سرکاری قیمتوں پر عمل درآمد کرائیں یا پھر ایسی مانیٹرنگ کا سلسلہ بند کیا جائے جو عوام کو ریلیف فراہم نہیں کر رہا۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025