پاکستان

اسحاق ڈار سے ایرانی سیکیورٹی سربراہ کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کا عزم

  • ڈاکٹر علی لاریجانی کے سرکاری دورۂ پاکستان کے موقع پر اسحاق ڈار نے انہیں اپنے دفتر میں خوش آمدید کہا
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان اور ایران نے منگل کے روز نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری ڈاکٹر علی لاریجانی کے درمیان ملاقات کے دوران مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق ڈاکٹر علی لاریجانی کے سرکاری دورۂ پاکستان کے موقع پر اسحاق ڈار نے انہیں اپنے دفتر میں خوش آمدید کہا۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

ادھر اسلام آباد میں ایرانی سفارت خانے نے بتایا کہ ڈاکٹر علی لاریجانی دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں جہاں وہ پاکستانی سیاسی اور عسکری و سیکیورٹی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

پاکستان روانگی سے قبل اپنے بیان میں علی لاریجانی نے کہا کہ پاکستان خطے میں ایران کا دوست اور برادر ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام کبھی یہ بات نہیں بھولیں گے کہ امریکہ اور صہیونی رجیم کی جانب سے ایران پر مسلط کی گئی 12 روزہ جنگ کے دوران پاکستانی قوم ایرانی قوم کے شانہ بشانہ کھڑی رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان خطے میں پائیدار امن و سلامتی کے لیے دو اہم اور مؤثر ممالک ہیں اور دونوں ہمیشہ خطے کے ممالک کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے پر توجہ دیتے رہے ہیں۔

عالمی امن کے حوالے سے وزیراعظم کے عزم کے تحت پاکستان اور ایران نے مشترکہ طور پر کام کرنے کے عہد کا اظہار کیا ہے۔

ایک روز قبل سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے کہا تھا کہ ایرانی سیکیورٹی سربراہ کا یہ دورہ پاکستان کے لیے ایک غیر معمولی اور تاریخی نوعیت کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی سنگ میل دونوں برادر ممالک کے درمیان پہلے سے مضبوط اور وقت کی کسوٹی پر پورا اترنے والے تعلقات کو ایک نئی اسٹریٹجک سطح پر لے جانے کا نقطۂ آغاز ثابت ہوگا۔

سفیر کے مطابق تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی حالات اور خطے میں ابھرتی ہوئی نئی صورتحال کے پیش نظر دوطرفہ تعلقات کو مزید منظم اور بلند سطح پر لے جانا پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہو چکا ہے، اور یہ اہم مقصد اس نمایاں دورے کے ذریعے مؤثر انداز میں آگے بڑھے گا۔