دنیا

انڈونیشیا، لینڈ سلائیڈنگ سے ہلاکتوں کی تعداد 30 ہو گئی

  • بانجارنیگرا علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ کے بعد کم از کم 21 افراد لاپتہ ہیں
شائع November 21, 2025 اپ ڈیٹ November 21, 2025 01:53pm

انڈونیشیا کے وسطی جاوا کے دو علاقوں میں لینڈ سلائیڈز کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 30 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں، یہ بات ملک کے ڈیزاسٹر میٹی گیشن ایجنسی نے جمعہ کے روز بتائی۔

ایجنسی کے مطابق طوفانی بارش کے باعث گزشتہ ہفتے شہر سیلاکیپ اور ویک اینڈ پر بانجارنیگرا علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ کے بعد کم از کم 21 افراد لاپتہ ہیں۔ بانجارنیگرا، جو سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ ہے، میں امدادی ٹیموں نے جمعرات کو مزید سات لاشیں نکالیں، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 10 ہو گئی اور 18 افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقے میں سینکڑوں گھروں کو نقصان پہنچا، سات افراد زخمی ہوئے اور 900 سے زائد مقامی باشندوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ امدادی کارروائیوں میں پولیس اور فوج سمیت کم از کم 700 افراد حصہ لے رہے ہیں اور کھدائی کرنے والے مشینوں کی مدد سے لاپتہ افراد کی تلاش میں تیزی لائی جا رہی ہے۔

سیلاکیپ میں اس ہفتے امدادی ٹیموں کو مزید چار لاشیں ملیں، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 20 ہو گئی اور تین افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔ مقامی حکام نے سرچ آپریشنز کو اگلے ہفتے تک بڑھانے کا اعلان کیا اور تقریباً 400 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔