امریکی ملازمتوں کی بہتر رپورٹ سے شرح سود میں کمی کی توقعات متاثر، سونے کی قیمتوں میں کمی
- اسپاٹ گولڈ 0.1 فیصد کمی کے ساتھ 4,072.87 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا،
سونے کی قیمت میں جمعے کے روز معمولی کمی دیکھنے کو آئی کیونکہ امریکی ملازمتوں کی توقع سے بہتر رپورٹ نے مارکیٹ میں اس بات کو تقویت دی کہ فیڈرل ریزرو دسمبر کے اجلاس میں شرح سود میں کمی نہیں کرے گا۔
اسپاٹ گولڈ 0.1 فیصد کمی کے ساتھ 4,072.87 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا، جبکہ امریکی گولڈ فیوچرز برائے دسمبر کی ترسیل میں 0.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ 4,071.90 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ ہوا۔
گولڈ سلور سینٹرل کے منیجنگ ڈائریکٹر برائن لین نے کہا کہ اس وقت سونے کی قیمتیں مستحکم ہیں، اور ڈالر نے کافی مضبوطی دکھائی ہے۔ اس کے پیچھے مارکیٹ میں یہ قیاس آرائی ہے کہ فیڈ آیا اگلے ماہ شرح سود میں کمی کرے گا یا نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مارکیٹ غیر یقینی صورتحال میں ہے اور دسمبر کے اختتام پر بہت سے تاجر اپنے منافع کے لیے پوزیشنز سے نکل رہے ہیں، جس کا اثر پچھلے ہفتے کے آخر سے اس ہفتے تک دیکھا گیا۔
ڈالر جمعے کے روز ایک ماہ سے زائد عرصے میں اپنی سب سے مضبوط کارکردگی کی جانب گامزن تھا، جس کی وجہ سے دیگر کرنسیوں کے حامل سرمایہ کاروں کے لیے گولڈ مہنگا ہو گیا۔
امریکی محکمہ محنت کی رپورٹ، جو وفاقی حکومت کی بندش کی وجہ سے ملتوی ہوئی تھی، کے مطابق ستمبر میں نان فارمز پےرولز میں 119,000 کا اضافہ ہوا، جو متوقع 50,000 سے دوگنا زیادہ ہے۔
تجارتی حلقوں کے مطابق اب آئندہ ماہ فیڈ کی شرح سود میں کمی کے امکانات تقریباً 39 فیصد ہیں۔ غیر منافع بخش اثاثہ ہونے کی وجہ سے سونا عموماً کم شرح سود کے ماحول میں بہتر کارکردگی دکھاتا ہے۔
بدھ کو جاری ہونے والے فیڈ کے اکتوبر اجلاس کے منٹس سے ظاہر ہوا کہ فیڈ نے شرح سود میں کمی کی، حالانکہ پالیسی سازوں نے خبردار کیا کہ اس سے طویل مدتی مہنگائی اور امریکی مرکزی بینک پر عوامی اعتماد کے نقصان کا خطرہ ہے۔
شیگاگو فیڈ کے صدر آسٹن گولزبی نے جمعرات کو کہا کہ وہ شرح سود میں پیشگی کمی کرنے پر غیر مطمئن ہیں، خاص طور پر جب مہنگائی کے حوالے سے فیڈ کے 2 فیصد ہدف کی طرف پیش رفت رک گئی ہے اور منفی سمت میں جا رہی ہے۔
دوسری جانب، اسپوٹ سلور 0.5 فیصد کمی کے ساتھ50.35 ڈالر فی اونس، پلاٹینم 0.4 فیصد اضافہ کے ساتھ 1,521.41 ڈالر ، اور پیلاڈیم مستحکم رہتے ہوئے 1,377.50 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ ہوا۔