کاروبار اور معیشت

میٹکو فوڈز اپنی ذیلی کمپنی فَلک فوڈز کی آئی پی او لانچ کرے گی

  • کے ٹریڈ سیکیورٹیز لمیٹڈ کو کنسلٹنٹ کے طور پر مقرر کرنے کی منظوری
شائع November 18, 2025 اپ ڈیٹ November 18, 2025 01:01pm

پاکستان کے نمایاں چاول برآمد کنندگان میں شامل میٹکو فوڈز لمیٹڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی مکمل ملکیت والی ذیلی کمپنی فَلک فوڈز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کو بطور علیحدہ قانونی ادارہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں درج کرے گی۔ یہ اقدام کمپنی کی اسٹریٹجک ری اسٹرکچرنگ اور سرمایہ بڑھانے کے منصوبوں میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جارہا ہے۔

کمپنی نے منگل کو پی ایس ایکس میں ایک فائلنگ کے ذریعے اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔ کمپنی کے مطابق یہ فیصلہ 17 نومبر 2025 کو کیے گئے پہلے اعلان کے بعد لیا گیاجس میں فَلک فوڈز کے ساتھ بزنس ٹرانسفر ایگریمنٹ (بی ٹی اے) پر دستخط کیے گئے تھے۔ معاہدے کے تحت میٹکو فوڈز کے مخصوص آپریشنز کو ایک وسیع کارپوریٹ تنظیمِ نو کے حصے کے طور پر فلک فوڈز کو منتقل کیا جانا تھا۔

نوٹس میں کہا گیا کہ مختلف ایکویٹی بڑھانے کے اختیارات کا جائزہ لینے کے بعد بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ ذیلی کمپنی کو اسٹاک ایکسچینج میں ایک علیحدہ قانونی ادارے کے طور پر درج کیا جائے گا۔

لسٹنگ کو آگے بڑھانے کے لیے میٹکو فوڈز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کے ٹریڈ سیکیورٹیز لمیٹڈ کو کنسلٹنٹ کے طور پر مقرر کرنے کی منظوری دی ہے۔

کنسلٹنٹ پیشکش کی نگرانی اور اس کا ڈھانچہ تیار کرے گا جس میں فَلک فوڈز کے کم از کم 25 فیصد شیئرز کی عوامی فروخت ابتدائی پیشکش میں شامل ہوگی۔

پیر کو میٹکو فوڈز نے باقاعدہ طور پر اپنا اسپائس اور مصالحہ پیکنگ سیکشن فَلک فوڈز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کو منتقل کردیا۔

میٹکو فوڈز کی بنیاد 1964 میں میٹکو رائس پروسیسنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کے طور پر رکھی گئی، یہ کمپنی بنیادی طور پر چاول، چاول پروٹین، چاول گلوکوز، پنک سالٹ، مصالحے، ڈیزرٹ مکس وغیرہ کی پروسیسنگ اور برآمدات میں مصروف عمل ہے۔

یہ کمپنی ملک کے سب سے بڑے چاول برآمد کنندگان میں سے ایک ہے اور اس کے فلیگ شپ برانڈ ‘فَلک’ کی مصنوعات دنیا کے 65 سے زائد ممالک میں برآمد کی جاتی ہیں۔