وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے ہفتہ کے روز کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تجارت کے وسیع امکانات موجود ہیں اور دونوں ممالک اس سے فائدہ اٹھانے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں۔
وزیرِاعظم نے نیویارک سے ویڈیو لنک کے ذریعے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ تجارت کے فروغ سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات ہیں۔ ملائیشیا نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور پاکستان اس تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
وزیراعظم آفس میڈیا وِنگ نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ وزیرِاعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ملائیشیا کو پاکستانی بیف کی برآمد کے لیے ایک مؤثر اور جامع منصوبہ تشکیل دیا جائے۔ اجلاس میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تجارتی تعلقات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیرِاعظم کو ملائیشیائی مارکیٹ میں پاکستان کی برآمدی صلاحیت پر جامع بریفنگ بھی دی گئی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ایک ٹھوس ایکشن پلان تیار کرکے پیش کیا جائے، جس میں بالخصوص ملائیشیا کو پاکستانی بیف کی برآمد سمیت پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید بڑھانے پر توجہ دی جائے۔