آڈیٹر جنرل آف پاکستان (اے جی پی) کی رپورٹ نے انکشاف کیا ہے کہ 95 فیصد سے زائد بلڈرز اور ڈویلپرز، جنہوں نے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھایا، اسکیم کی شرائط پر عمل کرنے میں ناکام رہے۔
سیکٹورل آڈٹ آف ٹیکسیشن ان رئیل اسٹیٹ سیکٹر کے مطابق حکومت نے اپریل 2020 میں تعمیراتی شعبے کو سہارا دینے اور معیشت میں بہتری لانے کے لیے ایک خصوصی پیکیج کا اعلان کیا تھا۔ اس پیکیج میں ٹیکس چھوٹ، تعمیراتی مٹیریل پر کم شرح ٹیکس اور ایمنسٹی اسکیم شامل تھی تاکہ غیر ظاہر شدہ آمدن اور اثاثوں کو ظاہر کرنے کی ترغیب دی جا سکے۔
آڈٹ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ بلڈرز اور ڈویلپرز نے مراعات سے فائدہ اٹھایا لیکن وہ اسکیم کی شرائط پوری نہ کر سکے جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان ہوا۔ رپورٹ میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو ہدایت کی گئی ہے کہ بے نامی ٹرانزیکشنز روکنے کے لیے قوانین اور ضوابط کو مزید سخت اور مؤثر بنایا جائے تاکہ افراد پراکسی یا نامزدگی کے ذریعے جائیدادیں چھپانے کے قابل نہ رہیں۔
ایف بی آر کے اعدادوشمار کے مطابق، انکم ٹیکس آرڈیننس کی شق 100D کے تحت 993 بلڈرز اور ڈویلپرز نے ایمنسٹی اسکیم میں رجسٹریشن کرائی اور ان کا مختلف فیلڈ فارمیشنز کے ذریعے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ فنانس ایکٹ 2020 کے ذریعے متعارف کرائی گئی اس شق کے تحت بلڈرز اور ڈویلپرز کو اپنے منصوبوں کی تکمیل پر فی مربع فٹ کے حساب سے فکسڈ ٹیکس دینا لازم ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کے ریجنل ٹیکس آفس (آر ٹی او) میں جانچے گئے 57 فیصد بلڈرز اور ڈویلپرز نان فائلرز تھے، جو ایف بی آر کی کمزور نگرانی اور ٹیکس وصولی کی ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔ مزید برآں، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے تمام کیسز کو اسلام آباد آر ٹی او میں منتقل کرنا غیر مؤثر فیصلہ قرار دیا گیا، جس سے مانیٹرنگ اور ٹیکس وصولی متاثر ہوئی اور ٹیکس دہندگان کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بعد ازاں مشکلات کے پیش نظر 11,243 کیسز میں سے 3,702 کیسز کو متعلقہ آر ٹی اوز اور ایل ٹی اوز کو دوبارہ منتقل کیا گیا، تاہم اختیارات کی بار بار منتقلی سے ٹیکس کی وصولی اور جانچ کے عمل میں تاخیر ہوئی۔
آڈٹ نے یہ بھی نشاندہی کی کہ کئی ٹیکس کلیکٹرز اور ودہولڈنگ ایجنٹس نے کمپیوٹرائزڈ پیمنٹ رسیدیں (سی پی آرز) تیار کرتے وقت ٹیکس دہندگان کے نام، سی این آئی سی یا این ٹی این اور پتے درج نہیں کیے۔ اس کے باوجود ایف بی آر کے آئی آر آئی ایس نظام نے یہ چالان پروسیس کر دیے، جس سے ٹیکس کریڈٹس کے غلط دعوے ممکن ہوئے اور بے نامی لین دین کو فروغ ملا۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025