امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام اتوار کو ایریزونا کے ایک اسٹیڈیم میں جمع ہو کر چارلی کرک کو خراجِ عقیدت پیش کریں گے، جنہیں گزشتہ ہفتے فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔
31 سالہ کرک کو 10 ستمبر کو یوٹا کی ایک یونیورسٹی میں لیکچر کے دوران گردن میں گولی مار ی گئی۔ یہ لیکچر ان کی مقبول عوامی مباحثہ سیریز کا حصہ تھا۔
حکام کے مطابق 33 گھنٹے کی تلاش کے بعد ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا گیا ہے اور استغاثہ اس کے خلاف سزائے موت کی استدعا کر رہا ہے۔
ٹرننگ پوائنٹ یو ایس اے (ٹی پی یو ) کے بانی اور قدامت پسند نوجوانوں کی سیاسی مہم کے اس رہنما کے قتل نے امریکا میں پہلے سے موجود سیاسی تقسیم کو مزید بڑھا دیا ہے۔
مشتبہ حملہ آور اور کرک کی سیاست
حکام کے مطابق 22 سالہ مشتبہ حملہ آور نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ نفرت سے متاثر ہوا تھا جسے وہ سمجھتا تھا کہ کرک پھیلا رہے ہیں۔ کرک مسلمانوں، ٹرانس جینڈر افراد اور دیگر کے سخت ناقد سمجھے جاتے تھے۔
انہوں نے سوشل میڈیا کے لاکھوں فالوورز،پوڈکاسٹ کے بڑے ناظرین اور یونیورسٹیوں میں تقاریر کے ذریعے نوجوان ووٹرز میں ٹرمپ کی حمایت کو مستحکم کیا اور عیسائی مرکزیت پر مبنی قوم پرستانہ نظریے کو فروغ دیا۔
الزامی قاتل کی گرفتاری سے قبل ہی ٹرمپ نے کرک کو سچ اور آزادی کا شہید قرار دیا اور اس قتل کا ذمہ دار ریڈیکل لیفٹ کی زبان کو ٹھہرایا۔
عوامی ردعمل اور یادگار اجتماع
فینکس میں ٹرننگ پوائنٹ یو ایس اے کے دفتر کے باہر ہفتے کو سینکڑوں افراد نے پھولوں کے گلدستے، امریکی پرچم اور سرخ، سفید و نیلے رنگ کے غبارے رکھ کر چارلی کرک کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ فٹ پاتھ پر رکھی گئی تصاویر میں کرک کے ساتھ فیتھ ،فیملی اور فریڈم کے نعرےنمایاں تھے۔53 سالہ پَیٹی پیٹیکو نے کہا کرک ایک شاندار نوجوان تھے، جو ہم سے بہت جلد چھین لیے گئے۔
ٹرمپ کا اعلان اور سیاسی کشیدگی
اتوار کو ہونے والے یادگاری اجتماع میں صدر ٹرمپ، نائب صدر جے ڈی وینس، وزیرِ خارجہ مارکو روبیو اور وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ تقریر کریں گے۔
اس کے علاوہ ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس تُلسی گیبرڈ، وزیر صحت رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر، قدامت پسند تجزیہ کار ٹکر کارلسن اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اظہار خیال کریں گے۔ کرک کی بیوہ ایریکا کرک، جو ٹرننگ پوائنٹ یو ایس اے کی قیادت سنبھال رہی ہیں، بھی سامعین سے خطاب کریں گی۔
قتل کے بعد وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا کہ بائیں بازو کی گھریلو دہشت گردی کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔ ٹرمپ نے کہا کہ وہ اینٹیفا کو بڑی دہشت گرد تنظیم قرار دیں گے۔