پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کا بعد از ٹیکس منافع (پی اے ٹی) 30 جون 2025 کو ختم ہونے والے مالی سال میں 22 فیصد سے زائد کمی کے ساتھ 89.95 ارب روپے رہا۔
گزشتہ سال اسی مدت میں اس ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن (ای اینڈ پی) کمپنی کا بعد از ٹیکس منافع 115.48 ارب روپے تھا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو جمعے کے روز فراہم کردہ کمپنی کے تازہ مالی نتائج کے مطابق، بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس 19 ستمبر کو کمپنی کی مالی اور عملی کارکردگی کے جائزے کے لیے ہوا، جس میں فی حصص 2.5 روپے یعنی 25 فیصد کا حتمی کیش ڈیویڈنڈ تجویز کیا گیا۔
یہ اس کے علاوہ ہے جو دوران سال فی حصص 5 روپے (50 فیصد) عام حصص پر اور فی حصص 3 روپے (30 فیصد) کنورٹیبل پریفرنس حصص پر انٹرِم ڈیویڈنڈ کی مد میں ادا کیے جا چکے ہیں۔
مالی سال 2025 میں فی حصص آمدنی (ای پی ایس) 33.06 روپے ریکارڈ کی گئی جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں یہ 42.44 روپے تھی۔
کمپنی کے منافع میں کمی کی وجہ اس عرصے میں کم آمدن اور زیادہ ٹیکسیشن بتائی گئی ہے۔
مجموعی بنیاد پر، مالی سال 2025 میں کمپنی کی آمدن 244.98 ارب روپے رہی، جو گزشتہ سال کے 291.24 ارب روپے کے مقابلے میں تقریباً 16 فیصد کم ہے۔
اس کے نتیجے میں کمپنی کا مجموعی منافع تقریباً 20 فیصد کمی کے ساتھ 152.61 ارب روپے رہا، جو گزشتہ سال اسی عرصے میں 189.89 ارب روپے تھا۔
اس طرح کمپنی کا منافع بخش مارجن مالی سال 2025 میں 62.3 فیصد رہا، جو گزشتہ سال 65.2 فیصد تھا۔
ای اینڈ پی کمپنی کی ایکسپلوریشن اور ایڈمنسٹریٹو اخراجات مالی سال 2025 میں 2 فیصد کم ہو کر 25.34 ارب روپے رہے۔
تاہم، فنانس کی لاگت 50 فیصد سے زائد اضافے کے بعد 1.65 ارب روپے سے بڑھ کر 2.48 ارب روپے رہی۔
مالی سال 2025 میں کمپنی نے 11.76 ارب روپے دیگر چارجز کی مد میں ادا کیے، لیکن دوسری جانب دیگر آمدن میں 38 فیصد اضافہ ہوا، جو بڑھ کر 24.19 ارب روپے رہی، جبکہ گزشتہ سال یہ 17.53 ارب روپے تھی۔
اس کے نتیجے میں کمپنی کا قبل از ٹیکس منافع مالی سال 2025 میں 136.8 ارب روپے رہا، جو گزشتہ سال کے 160.3 ارب روپے سے 15 فیصد کم ہے۔
مالی سال 2025 میں کمپنی نے 46.9 ارب روپے کے ٹیکس ادا کیے، جو گزشتہ سال کے 44.8 ارب روپے کے مقابلے میں 5 فیصد زیادہ ہیں۔
یاد رہے، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کو 1950 میں پاکستان میں شامل کیا گیا تھا، جس کے بنیادی مقاصد تیل اور قدرتی گیس کے وسائل کی تلاش، سروے، ترقی اور پیداوار ہیں۔