فرسٹ نیشنل ایکویٹیز کی ذیلی کمپنی کا ہاشو گروپ اور نیلی شنگ کیساتھ پرل ریزورٹس منصوبے پر اشتراک
فرسٹ نیشنل ایکویٹیز لمیٹڈ (ایف این ای ایل) نے بدھ کو اعلان کیا ہے کہ اس کی ذیلی کمپنی، ایف این ای ڈیولپمنٹس (پرائیویٹ) لمیٹڈ، نیلی شنگ ہلز اور ہاشو گروپ کے اشتراک سے پرل ریزورٹس میں ایک اہم رئیل اسٹیٹ اور سیاحتی منصوبے کا آغاز کرے گی، جسے پاکستان کا اولین ہل اسٹیشن اور فلیگ شپ لگژری ڈیسٹینیشن بنانے کا منصوبہ ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو دیے گئے نوٹس میں بتایا گیا کہ پرل ریزورٹس کا مقصد ملک میں لگژری سیاحت کو فروغ دینا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ منصوبہ نہ صرف پائیدار اور مسلسل آمدنی کے ذرائع فراہم کرے گا بلکہ طویل المدتی بنیادوں پر ایف این ای ایل کے لیے نمایاں ویلیو کری ایشن کا باعث بھی بنے گا۔
کمپنی نے کہا کہ یہ اشتراک ایف این ای ڈیولپمنٹس کو ٹرانسفارمیٹو رئیل اسٹیٹ وینچرز کی صفِ اول میں لے آتا ہے اور ایف این ای ایل کی اسٹریٹجک تبدیلی کو اجاگر کرتا ہے، جس کے تحت وہ تیزی سے بڑھتے ہوئے شعبوں میں داخل ہو رہی ہے، جو شیئر ہولڈرز کے منافع میں نمایاں اضافہ کرسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ 12 ستمبر کو ایف این ای ڈیولپمنٹس نے باضابطہ طور پر آپریشنز کا آغاز کیا، جس سے پیرنٹ کمپنی ایف این ای ایل کی ملک کے انفرااسٹرکچر اور رئیل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ کے شعبوں میں انٹری مکمل ہوئی۔
فرسٹ نیشنل ایکویٹیز لمیٹڈ ایک لمیٹڈ لائیبلٹی کمپنی ہے جو پاکستان میں کمپنیز آرڈیننس 1984 (اب کمپنیز ایکٹ 2017) کے تحت قائم کی گئی۔ کمپنی کی بنیادی سرگرمیوں میں شیئر بروکریج، کنسلٹنسی سروسز اور پورٹ فولیو انویسٹمنٹس شامل ہیں۔