صدر آصف علی زرداری نے منگل کو شنگھائی میں چیری ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ اور چیری آٹوموبائل کمپنی لمیٹڈ کے بورڈ کے چیئرمین ین ٹونگیو سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران صدر زرداری نے چیئرمین کو یقین دلایا کہ پاکستان کی حکومت نیو انرجی وہیکلز، الیکٹرک بسوں اور پرزہ جات کی مقامی پیداوار کے لیے پالیسی سطح پر مکمل تعاون فراہم کرے گی۔
صدر زرداری نے چیری ہولڈنگ پر زور دیا کہ وہ الیکٹرک بسوں، منی ٹرکوں، گرین انرجی سلوشنز اور چارجنگ انفراسٹرکچر میں مشترکہ منصوبوں کے امکانات تلاش کرے۔
انہوں نے پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ مینوفیکچرنگ، منرلز اور انرجی اسٹوریج سلوشنز میں تعاون کے مواقع کو بھی اجاگر کیا۔
صدر زرداری کے ہمراہ خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے۔
ین ٹونگیو نے صدرمملکت اور ان کے وفد کو چیری آٹو کی عالمی سرگرمیوں، ٹیکنالوجی میں جدت کے عزم اور بین الاقوامی منڈیوں میں حاصل کردہ کامیابیوں پر بریفنگ دی۔
صدر زرداری نے تفصیلی بریفنگ پر ان کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں چیری آٹو کی بڑھتی دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔
انہوں نے کمپنی کے الیکٹرک بسیں متعارف کرانے اور مقامی سطح پر پیداوار کے منصوبوں کو سراہا اور کہا کہ یہ اقدامات ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
اس موقع پر سندھ کے وزرا شرجیل انعام میمن اور سید ناصر حسین شاہ، اور پاکستان کے سفیر برائے چین خلیل ہاشمی بھی موجود تھے۔