کاروبار اور معیشت

ویون کو ٹی پی ایل انشورنس کے حصول کیلئے منظوری مل گئی

ٹی پی ایل کارپ لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ویون گروپ ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ ، جو نیسڈیک پر درج کمپنی ویون لمیٹڈ کی...
شائع September 8, 2025 اپ ڈیٹ September 8, 2025 12:13pm

ٹی پی ایل کارپ لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ویون گروپ ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ ، جو نیسڈیک پر درج کمپنی ویون لمیٹڈ کی ذیلی کمپنی ہے، کو اپنی ذیلی کمپنی ٹی پی ایل انشورنس لمیٹڈ میں حصص اور کنٹرول کے حصول کے لیے اصولی منظوری دے دی ہے۔

یہ پیشرفت پیر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو جاری کردہ نوٹس میں سامنے آئی۔

گزشتہ ہفتے ویون گروپ ہولڈنگ کمپنی نے ٹی پی ایل انشورنس میں حصص اور کنٹرول کے حصول کی خواہش ظاہر کی تھی، جو پاکستان کے انشورنس سیکٹر میں ممکنہ داخلے کی جانب ایک قدم ہے۔ تاہم یہ مجوزہ معاہدہ متعلقہ ریگولیٹری اداروں سے لازمی منظوریوں، بشمول فٹ اینڈ پراپر معیار پر پورا اترنے کی شرط، سے مشروط ہے۔

نوٹس کے مطابقکمپنی [ٹی پی ایل کارپ] کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اپنے اجلاس مورخہ 08 ستمبر 2025 کو صبح 11 بجے مجوزہ معاہدے کے لیے اصولی منظوری دے دی۔ بورڈ نے مزید اجازت دی ہے کہ کمپنی معاہدے کی شرائط پر مذاکرات کرے اور قابل اطلاق قوانین کے مطابق ڈیو ڈلیجنس کے عمل کو سہولت فراہم کرے۔

ویون نے تاحال حصص کی تعداد یا خریداری کی قیمت ظاہر نہیں کی، کیونکہ یہ سب تفصیلی معاہدوں اور ڈیو ڈلیجنس کے بعد طے پائے گا۔ اگر یہ حصول کامیاب ہوتا ہے تو ویون کو لازمی طور پر ٹی پی ایل انشورنس کے کم از کم 50 فیصد بقیہ ووٹنگ شیئرز کے لیے عوامی پیشکش دینا ہوگی۔

ٹی پی ایل کارپ اس وقت 52.87 فیصد حصص کے ساتھ ٹی پی ایل انشورنس کی سب سے بڑی شیئر ہولڈر ہے، جبکہ فن لینڈ کی فنڈ فار انڈسٹریل کوآپریشن لمیٹڈ 17.02 فیصد اور اینٹ وِکلنگز گیزلشافت ایم بی ایچ 15.87 فیصد حصص کی مالک ہے۔

ٹی پی ایل انشورنس کا ادا شدہ سرمایہ 198.39 ملین حصص پر مشتمل ہے۔ مالی تفصیلات کے مطابق، 30 جون 2025 تک کمپنی کے کل اثاثے 8.46 ارب روپے تھے جبکہ شیئر ہولڈرز کی ایکویٹی 2.68 ارب روپے رہی۔ کمپنی نے 2025 کی پہلی ششماہی میں 12 ملین روپے کا خسارہ ریکارڈ کیا، جو 2024 میں 72 ملین روپے منافع کے مقابلے میں نمایاں کمی ہے۔

ویون گروپ کا ہیڈکوارٹر دبئی میں واقع ہے اور یہ پانچ ممالک میں آپریٹ کرتا ہے، جن میں پاکستان، یوکرین، قازقستان، ازبکستان اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔

پاکستان میں ویون گروپ کی مضبوط موجودگی پاکستان موبائل کمیونیکیشن لمیٹڈ (جاز) کے ذریعے ہے، جو ملک کا سب سے بڑا موبائل آپریٹر ہے اور اس کے صارفین کی تعداد 70 ملین سے زائد ہے۔