وزیراعظم شہباز شریف نے بدھ کے روز وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد کے زیر تعمیر اسپتالوں، بشمول جناح میڈیکل کمپلیکس، میں سادہ، مضبوط اور پائیدار انفراسٹرکچر قائم کیا جائے تاکہ عوام کو چین کے معیار کے مطابق معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
وزیراعظم نے بیجنگ کے انژن اسپتال کے دورے کے دوران ہدایت دی کہ پاکستان میں زیر تعمیر اسپتالوں میں اعلیٰ معیار کی سہولیات کو اولین ترجیح دی جائے اور انہیں چینی نظام کے طرز پر بنایا جائے۔
اسپتال کے دورے کے دوران وزیراعظم نے انژن اسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور وہاں موجود مؤثر نظام، جدید ٹیکنالوجی اور معیاری خدمات کی تعریف کی۔
وزیراعظم کو اسپتال میں دستیاب صحت کی سہولیات، بہتر انتظام کے لیے روبوٹک سسٹمز اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا محسن رضا نقوی، احسن اقبال، محمد اورنگزیب اور عطا اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔