کم آمدنی کے باعث پاکستان کی سب سے بڑی آزاد پاور پروڈیوسر کمپنی حب پاور کمپنی لمیٹڈ (حبکو) کا منافع مالی سال ختم ہونے 30 جون 2025 تک 31 فیصد سے زائد کمی کے بعد 51.77 ارب روپے رہ گیا۔

ادارہ جاتی بنیاد پر کمپنی نے گزشتہ سال 75.29 ارب روپے منافع حاصل کیا تھا جیسا کہ بدھ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو بھیجے گئے نوٹس میں بتایا گیا۔

نتیجتاً فی حصص آمدنی (ای پی ایس) 35.56 روپے تک گر گئی جو پچھلے سال کی اسی مدت میں 53.98 روپے تھی۔

کمپنی نے فی حصص 10 روپے کا حتمی نقد ڈیویڈنڈ (100 فیصد) دینے کا اعلان کیا ہے، جو مالی سال کے دوران ادا شدہ عارضی ڈیویڈنڈ فی حصص 5 روپے (50 فیصد) کے علاوہ ہے۔

ادارہ جاتی بنیاد پر حبکو کی کسٹمرز کے ساتھ معاہدوں سے آمدنی مالی سال 2025 میں 36 فیصد کمی کے بعد 83.35 ارب روپے رہی، جبکہ پچھلے سال یہ 130.53 ارب روپے تھی۔

کمپنی کی ریونیو لاگت تقریباً 30 فیصد کم ہو کر 43.53 ارب روپے تک رہ گئی جس کے نتیجے میں مجموعی منافع 39.82 ارب روپے تک گر گیا، جو پچھلے سال کے مقابلے میں تقریباً 42 فیصد کم ہے۔

دریں اثنا، کمپنی کی دیگر آمدنی تقریباً 22 فیصد اضافے کے بعد 4 ارب روپے تک پہنچ گئی، تاہم دیگر آپریٹنگ اخراجات مالی سال 2025 میں 57 فیصد اضافے کے بعد 3.85 ارب روپے ہوگئے۔

پاور پروڈیوسر کا آپریشنل منافع 38.04 ارب روپے رہا، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 44 فیصد کمی کے مترادف ہے۔

حبکو کی مالی لاگت بھی تقریباً 43 فیصد کم ہو کر 15.2 ارب روپے رہی۔

دوسری جانب، حبکو نے ایسوسی ایٹس اور وینچرز سے 41.3 ارب روپے بطور منافع حاصل کیے۔

کمپنی کا قبل از ٹیکس منافع 64.1 ارب روپے رہا، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 29 فیصد کم ہے، جبکہ مالی سال 2025 میں ادا شدہ ٹیکس 12.5 ارب روپے رہا، جو 15 فیصد کمی کے مترادف ہے۔

حبکو پاکستان کا پہلا اور سب سے بڑا آزاد پاور پروڈیوسر (آئی پی پی) ہے، جو براہِ راست اور بالواسطہ طور پر مختلف پاور پلانٹس چلاتا اور مالک ہے، جن کی مجموعی انسٹالڈ پاور جنریشن صلاحیت 2,289 میگاواٹ ہے۔