** پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں جمعہ کو مثبت رجحان لوٹ آیا جس کے نتیجے میں بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1200 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔**
اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز سے تیزی کا رجحان غالب رہا۔ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 100 انڈیکس ایک لاکھ 49 ہزار کی سطح پر بحال ہوکر 149234.94 پوائنٹس کی بلند سطح پر جاپہنچا۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1274 پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ 48 ہزار 617 پوائنٹس پر بند ہوا۔
اہم شعبوں بشمول سیمنٹ، کمرشل بینک، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیاں، او ایم سیز، پاور جنریشن اور ریفائنری میں بھرپور خریداری دیکھنے میں آئی۔ اے آر ایل، این آر ایل، حبکو، ماری، پی او ایل، پی پی ایل، ایس ایس جی سی، ایچ بی ایل، ایم سی بی اور این بی پی کے شیئرز مثبت زون میں دکھائی دیے۔
یاد رہے کہ جمعرات کو کے ایس ای-100 انڈیکس 150.52 پوائنٹس یا 0.10 فیصد کی کمی سے 147,343.50 پوائنٹس پر بند ہوا ۔
بین الاقوامی سطح پر ایشیائی اسٹاکس جمعہ کو معمولی اضافہ کے ساتھ بند ہوئے جس کی وجہ وال اسٹریٹ پر ٹیکنالوجی شیئرز کی بڑھتی ہوئی طلب رہی۔ سرمایہ کاروں کی توجہ اب امریکی افراطِ زر کے اُس اہم ڈیٹا پر مرکوز ہے جو دن کے دوران جاری ہوگا اور فیڈرل ریزرو کی شرحِ سود کے حوالے سے مزید اشارے فراہم کرے گا۔
رواں ہفتے مصنوعی ذہانت کی بڑی کمپنی این ویڈیا کے نتائج اگرچہ سرمایہ کاروں کی بلند توقعات پر پورے نہیں اترے تاہم انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ اے آئی انفرااسٹرکچر پر اخراجات مضبوطی سے جاری ہیں جس نے ایس اینڈ پی 500 اور ڈاؤ جونز انڈسٹریل ایوریج کو راتوں رات ریکارڈ سطح پر بند ہونے میں مدد دی۔
ایشیائی منڈیوں نے جمعہ کو مثبت رجحان کو اپنایا، جب کہ ایم ایس سی آئی کا جاپان کے علاوہ ایشیا پیسیفک شیئرز کا وسیع ترین انڈیکس 0.4 فیصد بڑھ گیا تاہم یورپی اور امریکی اسٹاک فیوچرز میں معمولی کمی دیکھی گئی۔
یورواسٹاکس 50 فیوچرز 0.2 فیصد گرگئے جب کہ ایف ٹی ایس ای فیوچرز میں 0.08 فیصد کی معمولی کمی ہوئی۔ ایس اینڈ پی 500 فیوچرز 0.08 فیصد اور نیسڈیک فیوچرز 0.15 فیصد کم ہوئے۔
چین میں ٹیکنالوجی پر مرکوز اسٹار 50 انڈیکس گزشتہ سیشن میں 7 فیصد سے زائد اضافے کے بعد 2.5 فیصد گرگیا۔
چینی چپ ساز کمپنی کیمبرکون ٹیکنالوجیز کے حصص 5 فیصد سے زائد گر گئے کیونکہ کمپنی نے جمعرات کو اسٹاک ایکسچینج فائلنگ میں سرمایہ کاروں کو ایک رسک الرٹ جاری کیا جس میں جولائی کے اواخر سے حصص کی قیمتوں میں تیز اضافے کی نشاندہی کی گئی تھی۔
اس کے باوجود سی ایس آئی 300 بلیو چپ انڈیکس میں 0.7 فیصد اضافہ ہوا اور ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ انڈیکس 0.5 فیصد بڑھ گیا جبکہ جاپان کا نکئی انڈیکس 0.4 فیصد کم ہوا۔