کابینہ کمیٹی برائے ایس او ایز نے بدھ کو متعدد اہم بورڈ سطح کی تقرریوں کی منظوری دی جن میں عاصم عزیز صدیقی کو ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کا چیئرمین اور شعیب میر میمن کو پاکستان ری انشورنس کمپنی لمیٹڈ (پی آر سی ایل) کا چیئرمین نامزد کیا گیا۔

یہ فیصلے فنانس ڈویژن میں ہونے والے کمیٹی اجلاس کے دوران کیے گئے جس کی صدارت وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے ویڈیو لنک کے ذریعے کی۔

فنانس ڈویژن کے جاری کردہ بیان کے مطابق کمیٹی نے وزارتِ تجارت کی جانب سے ٹی سی پی کے بورڈ میں خالی آسامیوں کو پُر کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا اور منظوری دی۔

کمیٹی نے عاصم عزیز صدیقی کو ٹی سی پی کے بورڈ کا چیئرمین، عائشہ عزیز کو آزاد ڈائریکٹر، اور شعیب میر میمن کو پی آر سی ایل کے بورڈ کا چیئرمین مقرر کرنے کی توثیق کی۔

مزید برآں کمیٹی نے متعلقہ وزارتوں بشمول فنانس ڈویژن کو ہدایت دی کہ وہ سرکاری اداروں کے بورڈز میں تقرری کے عمل کو مؤثر اور شفاف بنانے کے لیے اس کا ازسرِنو جائزہ لیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ کمیٹی نے سفارش کی کہ اداروں میں تسلسل کو یقینی بنانے اور انتظامی تاخیر سے بچنے کے لیے موجودہ عہدیداروں کی ریٹائرمنٹ سے قبل ہی تقرری کے عمل کا آغاز کیا جائے۔

اس کے علاوہ، کمیٹی نے وزارتِ مواصلات کی سفارش پر پوسٹل لائف انشورنس کمپنی لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں تین سابقہ عہدے داروں کی تقرری کی منظوری دی۔

وزارت کو یہ بھی ہدایت دی گئی کہ وہ 4 موجودہ آزاد ڈائریکٹرز میں سے کسی ایک کو بورڈ کا چیئرمین نامزد کرنے کے لیے سمری پیش کرے تاکہ بورڈ کو فعال بنایا جاسکے اور ادارے کی تنظیمِ نو اور ممکنہ تحلیل کے عمل کو آگے بڑھایا جا سکے، کیونکہ یہ ادارہ نجکاری کی فہرست میں شامل ہے۔

اجلاس میں وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کے بورڈ کی نئی تشکیل سے متعلق تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔

کمیٹی نے نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے 6 افراد پر مشتمل پینل کو آزاد ڈائریکٹرز کے طور پر تقرری کے لیے منظور کیا۔ ان میں سیف علی راستگر (پنجاب)، مشہود خان (سندھ)، عثمان سیف اللہ خان (خیبر پختونخوا)، اسرار خان کاکڑ (بلوچستان)، آسیہ سائل خان (خواتین کی نمائندگی)، اور ڈاکٹر سید ظہور حسن (ترقیاتی شعبہ) شامل ہیں۔

اجلاس کا اختتام وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کی جانب سے دی گئی بریفنگ پر ہوا، جس میں سائنسی و تکنیکی ترقیاتی کارپوریشن آف پاکستان کی تنظیمِ نو اور اسے انڈیجینس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ ایجنسی (آئی آر اے ڈی اے) کا نیا نام دینے سے متعلق پیش رفت سے آگاہ کیا گیا، یہ اقدام کمیٹی کے ایک سابقہ فیصلے کی روشنی میں اٹھایا گیا۔