1980 کی دہائی میں پروفیشنل ریسلنگ کی عالمی شناخت بننے والے معروف ریسلر ہلک ہوگن 71 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ یہ اطلاع امریکی میڈیا نے جمعرات کے روز دی ہے۔
این بی سی نیوز کے مطابق ہلک ہوگن نے فلوریڈا میں واقع اپنے گھر پر وفات پائی۔ ان کے مینیجر کرس وولو نے اس خبر کی تصدیق کی ہے جبکہ ٹی ایم زیڈ نے بھی اپنے ذرائع کے حوالے سے یہ اطلاع دی ہے۔
ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ (سابقہ ٹوئٹر) پر ان کی وفات پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈبلیو ڈبلیو ای کو یہ جان کر افسوس ہوا ہے کہ ہال آف فیم کے رکن ہلک ہوگن کا انتقال ہو گیا ہے۔ وہ پاپ کلچر کی ان چند نمایاں شخصیات میں شامل تھے جنہوں نے 1980 کی دہائی میں ڈبلیو ڈبلیو ای کو عالمی سطح پر پہچان دلائی۔
ڈبلیو ڈبلیو ای نے ہلک ہوگن کے اہلِ خانہ، دوستوں اور مداحوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔