امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے منگل کے روز کہا کہ انہیں فی الحال ایسا کوئی سبب نظر نہیں آتا کہ فیڈرل ریزرو کے چیئرمین جیروم پاول فوری طور پر استعفیٰ دیں، ایک دن بعد جب انہوں نے فیڈ کی کارکردگی کے جائزے کا مطالبہ کیا تھا۔
فاکس بزنس کو دیے گئے انٹرویو میں بیسنٹ نے یہ بیان ایسے وقت دیا جب پاول پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے شرح سود میں کمی کے لیے دباؤ بڑھ رہا ہے۔ صدر نے حال ہی میں فیڈ کے 2.5 بلین ڈالر کے تزئین و آرائش منصوبے پر بھی مرکزی بینک کے سربراہ کو نشانہ بنایا تھا۔
بیسنٹ نے کہا کہمجھے ایسا کچھ نظر نہیں آتا جو بتائے کہ انہیں ابھی مستعفی ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاول کی فیڈ چیئرمین کی حیثیت سے مدت مئی 2026 میں ختم ہو رہی ہے، اور اگر وہ چاہیں تو اپنی مدت مکمل کریں۔بیسنٹ نے مزید کہا اگر پاول پہلے جانا چاہیں، تو انہیں جانا چاہیے۔
پیر کی رات، بیسنٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پوسٹ میں مرکزی بینک پر غیر مالیاتی پالیسی کے کاموں میں نمایاں حد سے تجاوز کا الزام لگاتے ہوئے اس کے غیر مالیاتی پالیسی آپریشنز کا تفصیلی اندرونی جائزہ لینے کا مطالبہ کیا تھا۔
امریکی مرکزی بینک نے اس سال شرح سود کو مستحکم رکھا ہے کیونکہ وہ ٹرمپ کے وائٹ ہاؤس میں واپسی کے بعد نافذ کیے گئے وسیع ٹیرف کے اثرات کا جائزہ لے رہا ہے — جو صدر کی ناراضگی کا باعث بنا ہے۔