دنیا

روس کے خلاف جنگ: آسٹریلیا نے یوکرین کو M1A1 ایبرامز ٹینک فراہم کر دیے

آسٹریلوی حکومت نے ہفتے کو کہا یے کہ اس نے یوکرین کو M1A1 ایبرامز ٹینک فراہم کردیے ہیں۔ یہ اقدام آسٹریلیا کی جانب سے...
شائع July 19, 2025 اپ ڈیٹ July 19, 2025 02:12pm

آسٹریلوی حکومت نے ہفتے کو تصدیق کی ہے کہ یوکرین کو جدید M1A1 ایبرامز ٹینک فراہم کر دیے گئے ہیں۔ یہ اقدام آسٹریلیا کی جانب سے یوکرین کی دفاعی صلاحیت بڑھانے کے لیے دیے گئے 245 ملین آسٹریلوی ڈالر (160 ملین امریکی ڈالر) کے امدادی پیکج کا حصہ ہے۔

آسٹریلیا، جو نیٹو میں شامل نہ ہونے کے باوجود یوکرین کو امداد فراہم کرنے والے بڑے ممالک میں شمار ہوتا ہے، فروری 2022 میں روسی جارحیت کے آغاز سے اب تک یوکرین کو اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر دفاعی ساز و سامان مہیا کرتا آ رہا ہے۔

آسٹریلیا کے وزیر دفاع رچرڈ مارلس کے مطابق یوکرین کو آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 49 میں سے بیشتر ٹینک موصول ہو چکے ہیں، جبکہ باقی ٹینک آئندہ چند مہینوں میں پہنچا دیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم ون اے ون ایبرامز ٹینک یوکرین کی روس کے غیر قانونی اور غیر اخلاقی حملے کے خلاف جاری مزاحمت میں اہم کردار ادا کریں گے۔

حکومت کے مطابق یہ ٹینک آسٹریلیا کی جانب سے فراہم کردہ مجموعی طور پر 1.5 ارب آسٹریلوی ڈالر (980 ملین امریکی ڈالر) کے امدادی پیکیج میں شامل ہیں۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا روس پر سخت پابندیاں بھی عائد کر چکا ہے، جن میں ایلومینا اور ایلومینیم کی برآمد پر پابندی کے ساتھ ساتھ تقریباً ایک ہزار روسی افراد اور اداروں پر معاشی پابندیاں شامل ہیں۔